پاکستان کا معاشی مستقبل سی پیک کی کامیابی میں ہے:وزیراعظم

پاکستان کا معاشی مستقبل سی پیک کی کامیابی میں ہے:وزیراعظم
ایک نیوز نیوز: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ قوم کو اپنی مسلح افواج پر فخر ہے، ہماری امن کی خواہش کو کمزوری نہ سمجھا جائے۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف ایک روزہ دورے پر کراچی میں موجود ہیں جہاں ان کا کراچی پہنچنے پر وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے استقبال کیا۔
کراچی کے دورے کے دوران وزیراعظم شہباز شریف نے نیول اکیڈمی میں پاسنگ آؤٹ میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی جہاں وزیراعظم نے گارڈ آف آنر کا معائنہ کیا۔
نیول اکیڈمی میں پاسنگ اکیڈمی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ کمیشن حاصل کرنیوالے کیڈٹس اور مڈشپ مین کے والدین کو مبارکباد پیش کرتا ہوں، خوشی ہے کہ کمشنگ پریڈ میں خواتین کیڈٹس بھی شامل ہیں، یقین ہے کہ خواتین کیڈٹس کی کمشنگ ملک کی دیگر خواتین کیلئے مشعل راہ ہوگی۔
مہمان خصوصی وزیراعظم نے دورانِ تربیت نمایاں کارکردگی کامظاہرہ کرنےوالوں کوانعامات دیئے، کیڈٹ سمعیہ سجاد نے کمانڈنٹ گولڈ میڈل کا اعزاز حاصل کیا۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان کا معاشی مستقبل سی پیک کی کامیابی میں ہے ، پوری دنیا اور خطے میں تبدیلیاں رونما ہو رہی ہیں اور پاکستان پر امن بقائے باہمی پر یقین رکھتا ہے، قوم مسلح افواج کےشہدا کو خراج تحسین پیش کرتی ہے ۔
وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان نیول اکیڈمی دوست ملکوں کے کیڈٹس کو بہترین تربیت فراہم کر رہی ہے، دوست مملکوں کے کیڈٹس پاکستان کے سفیر ثابت ہوں گے، کیڈٹس نے بھرپور محنت اور لگن سے ملک کی خدمت سر انجام دینی ہے، پاک بحریہ کا تاریخی اعتبارسے ملک کے سٹریٹجک دفاع میں اہم کردار ہے۔