ریاست کو سیاست پر ترجیح دے کر ملک کو دیوالیہ ہونے سے بچایا: وزیرِ اعظم 

Jul 25, 2024 | 18:59 PM

 ایک نیوز:وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے پاکستان کی معیشت کی بحالی کیلئے کڑوے فیصلے کرنا پڑے ، ہم نے ریاست کو سیاست پر ترجیح دے کر ملک کو دیوالیہ ہونے سے بچایا ۔  

تفصیلات کے مطابق   وزیراعظم محمد شہباز شریف سے خیبر پختونخوا کے قومی و صوبائی اسمبلی کے ارکان نے اسلام آباد میں ملاقات  کی ، منتخب نمائندوں نے وزیرِ اعظم کی قیادت میں پاکستان کی معیشت کی بہتری پر انہیں خراجِ تحسین پیش کیا، ارکان اسمبلی نے وزیرِ اعظم کو اپنے حلقوں کے مسائل کے حوالے سے آگاہ کیا  ۔  

اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا اللہ کے فضل وکرم سے پاکستان کی معیشت بہتری کی طرف گامزن ہے ، خیبر پختونخوا بالخصوص ضم شدہ اضلاع کی ترقی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے، تاریخ گواہ ہے کہ  ان علاقوں کی ترقی کیلئے مسلم لیگ ن نے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات اٹھائے ضم شدہ علاقوں  میں صحت و تعلیم کی معیاری سہولیات کی فراہمی یقینی بنائیں گے، خیبر پختونخوا بالخصوص ضم شدہ اضلاع کے غریب ومتوسط طبقے کو عالمی معیار کی سہولیات کی فراہمی کیلئے وہاں دانش سکولز کا قیام عمل میں لایا جائے گا ۔  

محمد شہباز شریف نے کہا بجلی شعبے کی اصلاحات سے سالانہ اربوں روپے کی بجلی چوری کے خاتمے کیلئے کوشاں ہیں، منتخب نمائندے بجلی کی چوری روکنے کیلئے حکومت کی معاونت کریں، ملک بھر میں زرعی ٹیوب ویلز کو شمسی توانائی پر منتقل کیا جا رہا ہے،  زرعی ٹیوب ویلز کو شمسی توانائی پر منتقل کرنے سے نہ صرف زرعی شعبے کی ترقی ہوگی، کسان کو کم لاگ بجلی میسر ہوگی زیر کاشت رقبے میں اضافہ ہوگا بلکہ درآمدی ایندھن کی مد میں اربوں ڈالر کی بچت ہوگی ۔ 

ان کا مزید کہنا تھا حال ہی میں غریب و متوسط طبقے کو بجلی کے بِلوں میں بڑا ریلیف فراہم کیا، پاکستان کی معیشت کی بحالی کیلئے کڑوے فیصلے کرنا پڑے، ہم نے ریاست کو سیاست پر ترجیح دے کر ملک کو دیوالیہ ہونے سے بچایا ، آپ سب اپنے حلقوں میں محنت کریں،عوام کا ریلیف آپکی اولین ترجیح ہونا چاہئے ۔ 

وزیرِ اعظم  محمد شہباز شریف نے نائب وزیرِ اعظم  اسحاق ڈار  کی زیرِ صدارت ایک کمیٹی قائم کر دی ،جو خیبر پختونخوا ہ سے تعلق رکھنے والے منتخب نمائندوں کے مسائل کا پائیدار حل تلاش کرے گی۔ 

ملاقات میں نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار، وزیرِ کشمیر و گلگت بلتستان امور انجینئر  امیر مقام، گورنر خیبر پختونخوا ہ  فیصل کریم کنڈی سمیت  متعلقہ اعلی حکام نے شرکت کی ۔   

مزیدخبریں