غزہ میں نہتے فلسطینیوں پر اسرائیلی فوج کے وحشیانہ زمینی وفضائی حملے جاری

Jul 25, 2024 | 16:33 PM

ویب ڈیسک: غزہ کے مختلف علاقوں میں نہتے فلسطینیوں پر اسرائیلی فوج کے وحشیانہ زمینی اور فضائی حملوں کا سلسلہ جاری ہے،گزشتہ 24گھنٹے کے دوران صیہونی حملو ں میں مزید 55فلسطینی شہید اور 110 زخمی ہو گئے ۔کئی افراد کے ملبے تلے دبے ہونے کی اطلاعات کے باعث شہادتوں میں مزید اضافے کا خدشہ ہے ۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق   جبالیہ پناہ گزین کیمپ پر اسرائیلی فورسز کی بمباری میں 5فلسطینی شہید اور متعدد زخمی ہو گئے ، وسطی اور شمالی غزہ میں ایک بچے سمیت 5 افراد جبکہ تلکرم اور شمال مشرقی نابلس میں اسرائیلی حملوں میں 4 فلسطینیوں کو شہید کیا گیا ، غزہ کی پٹی کے جنوبی علاقے خان یونس میں اسرائیلی قابض فوج کی فائرنگ سے ایک بچے سمیت دو شہری شہید ہو گئے۔ 

صیہونی فوج کے خان یونس پر پیر سے جاری حملوں میں اب تک 121فلسطینی شہید اورسینکڑوں زخمی ہو چکےہیں، شہداء میں بچے اور خواتین بھی شامل ہیں ، مقبوضہ مغربی کنارے میں اسرائیلی فورسز نے 25فلسطینیوں کو گرفتار کر لیا ہے ، گزشتہ سال7 اکتوبر سے جاری اسرائیلی ظلم و بربریت میں فلسطینی شہداء کی مجموعی تعداد 39 ہزار 145 تک پہنچ گئی جبکہ 90 ہزار 257افراد زخمی ہو چکے ہیں۔
فلسطینی پناہ گزینوں کیلئے   اقوام متحدہ کی ریلیف اینڈ ورکس ایجنسی نے کہا کہ غزہ کی پٹی پراسرائیلی حملوں میں سب سے زیادہ قیمت بچے ادا کر رہے ہیں جو بے گھر ہونے کے علاوہ اپنا بچپن کھورہے ہیں۔
فلسطینیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے یمن کی صنعا یونیورسٹی اور برطانیہ میں فارن، کامن ویلتھ اینڈ ڈیولپمنٹ آفس کے باہر ہزاروں افراد نے احتجاجی مظاہرہ کیا، مظاہرین نے اسرائیلی بربریت کیخلاف درج نعروں پر مبنی پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے، انہوں نے اقوام متحدہ کی قرارداد کے مطابق فلسطین سے اسرائیلی قابض فوج کے انخلاء اور فوری جنگ بندی کا مطالبہ دہرایا۔  

مزیدخبریں