ایک نیوز:عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ سیاسی صورتحال تباہی کی جانب جا رہی ہے، جس کا فائدہ بانی پی ٹی آئی کو ہو رہا ہے۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ لال حویلی ہماری ملکیت ہے، ہائیکورٹ نے ہمارے حق میں فیصلہ دیا ہے، مجھے نوٹس ملا کہ میں سیکرٹری مذہبی امور کے پاس حاضر ہو جاؤں۔
شیخ رشید کا کہنا ہے کہ کہا گیا کہ یہ سماعت آج ملتوی نہیں ہوسکتی، ساڑھے 9 بجے بلایا گیا لیکن سیکرٹری مذہبی امور موجود نہیں، سمجھ نہیں آرہی کہ انہوں نے کیوں نوٹس دیا، اب بھی ہم پھر ہائیکورٹ جائیں۔
انہوں نے کہا کہ لال حویلی میرے بھائی کے نام ہے، میری وہاں رہائش ہے، ، بھارتی فلمساز مہیش بھٹ نے 2 بار لال حویلی پر فلم بنانے کی درخواست کی، میں نے اجازت نہیں دی۔
سابق وفاقی وزیر کا کہنا ہے کہ جب کسی کی عقل پر پردے پڑ جاتے ہیں تو پھر کیا ہوتا ہے، یہ تو پی ٹی آئی پر پابندی لگانا چاہتے تھے،31 اگست تک سامنے آجائے گا کہ ملک کی سیاست کیا ہے۔
عوامی مسلم لیگ کے سربراہ نے کہا کہ قوم بجلی کے بلوں سے تنگ ہیں بھائی بھائی کو مار رہا ہے، میں دو بڑوں کو کہتا ہوں کہ ان کو فارغ کریں، حکومت ایک نفرت کا نشان ہے، نالائق ہے۔
شیخ رشید کا کہنا ہے کہ عدالتیں اس دفعہ ان کو روند دیں گی، عدلیہ سے آہنی ہاتھوں سے نمٹنے کی باتیں کریں گے تو کیا ہو گا، سیاسی لوگ ایک ہی ٹھوس کیس بناتے ہیں میرے خلاف 14 کیسز ہیں۔
انہوں نے کہا کہ صرف تنگ کرنے کے بہانے ہیں، ہائی کورٹ قرار دے چکی کہ ہمارے خلاف کوئی کیس نہیں۔