ویب ڈیسک:ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد نے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما رؤف حسن کا مزید 3 روز کا جسمانی ریمانڈ منظور کر لیا۔
رہنما پی ٹی آئی روف حسن و دیگر ملزمان کو 2 روزہ جسمانی ریمانڈ مکمل ہونے پر عدالت پیش کیا گیا، ایف آئی اے کے تفتیشی افسرنے رؤف حسن سمیت دیگر ملزمان کے مزید جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی۔
ایف آئی اے پراسیکیوٹر نے عدالت کو بتایا کہ ملزمان کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس ابھی تک ریکور نہیں ہوئے، ای میل اکاؤنٹ لاگ ان کرنے ہیں، پیسوں کے عوض لوگ واٹس ایپ گروپ چلا رہے ہیں، بیرون ملک سے لوگ بھی اس میں شامل ہیں۔
تفتیشی افسر کا کہنا تھا ملزمان کے موبائل سے سوشل میڈیا پر بنائے گئے جعلی اکاؤنٹس ملے ہیں، رؤف حسن سوشل میڈیا ٹیم کی سربراہی کرتے ہیں، رؤف حسن کی جانب سے سوشل میڈیا ٹیم کو ہدایات دی جاتی ہیں۔
ایف آئی اے کے پراسیکیوٹر نے کہا کہ عدلیہ اور انتظامیہ کیخلاف مہم چلائی جاتی ہے، ہمارے پاس سوشل میڈیا کا ایک ہی ٹیکنیکل ماہر ہے، سوشل میڈیا اکاؤنٹس جانچنے کیلئے مزید وقت درکار ہے۔
ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد نے ایف آئی اے کے تفتیشی افسر کی درخواست منظور کرتے ہوئے رؤف حسن سمیت 9 شریک ملزمان کے جسمانی ریمانڈ میں مزید 3 روز کی توسیع کر دی۔