ایک نیوز: پاکستان آکر شادی کرنیوالی بھارتی لڑکی انجو کا شوہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے آبدیدہ ہوگیا۔
پاکستان آکر نصر اللہ نامی شخص سے شادی کرنے والی بھارتی خاتون انجو کے شوہر اروند کمار نے بھارتی میڈیا سےگفتگو میں کہا ہے کہ اسے انجو نے سہیلی سے ملنے جانے کا بتایا تھا۔ مجھے کل رات وائس کال میں بیوی نے کہا کہ میں لاہور میں ہوں، مجھےنہیں معلوم وہ لاہور کیوں گئی، ویزہ اور دیگر سامان کیسے حاصل کیا۔
اروند نے بتایا کہ میں عام طور پر اپنی بیوی کا فون یا اس کے میسجز چیک نہیں کرتا، میری بیوی کےکیس کو سیما حیدر کےکیس سےنہیں جوڑا جاسکتا۔ بیوی نے کہا تھا دو سےتین دن میں آجائےگی،میں نےپولیس میں رپورٹ نہیں کرائی، ایسا پہلی بار ہوا کہ وہ مجھے بتائے بنا کہیں گئی، یہ دھوکا ہے، بیوی کے واپس آنے پر بچےاس کے ساتھ رہنے نہ رہنےکا فیصلہ کریں گے، انجو کے والدین کو بلاکر ہم مل کرفیصلہ کریں گے کہ مزیدکیا اقدامات کیےجائیں، حکومت سے اپیل ہے کہ اس کے پاس تمام قانونی دستاویزات ہیں تو واپس آنے دیا جائے۔ اس دوران اروند جذباتی ہوگئے اور ان کی آنکھوں میں آنسو آگئے۔
خیال رہے کہ بھارت سے آئی خاتون انجو نے دیر بالا میں پاکستانی نوجوان نصر اللہ سے نکاح کرلیا ہے۔
مالاکنڈ ڈویژن کے ڈی آئی جی ناصر محمود ستی نے انجو اور نصراللہ کے نکاح کی تصدیق کی اور بتایا کہ بھارتی خاتون نے اسلام قبول کرکےاپنا نام فاطمہ رکھ لیا ہے۔
بھارت سے آئی خاتون انجو نے اسلام قبول کرکے پاکستانی نوجوان نصر اللہ سے نکاح کرلیا
ڈی آئی جی مالا کنڈ کے مطابق دونوں کا نکاح ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج کی عدالت میں ہوا جس کے بعد بھارتی خاتون کو پولیس کی نگرانی میں عدالت سےگھر منتقل کردیا گیا۔