ایک نیوز: سندھ اسمبلی اپوزیشن لیڈر کے معاملہ پر متحدہ قومی موومنٹ کی جی ڈے اے رہنماؤں سے ملاقات کی جی ڈی اے نے ایم کیو ایم کی رعنا شیخ کی بطور اپوزیشن لیڈر حمایت کا اعلان کردیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق سندھ میں نگراں حکومت کاقیام اور اپوزیشن لیڈر کی تبدیلی کے معاملہ پر ایم کیوایم پاکستان کے وفد کی فنکشنل لیگ ہاؤس آمد ہوئی۔ جی ڈی اے رہنماؤں نے ایم کیوایم پاکستان کے وفد کا استقبال کیا۔ایم کیوایم پاکستان کے وفد میں ڈاکٹر فاروق ستار، سید مصطفی کمال، خواجہ اظہار الحسن، رعنا انصار، علی خورشید سمیت دیگر شامل تھے۔ جی ڈی اے کے وفد میں ڈاکٹر صفدر عباسی، سردار عبدالرحیم، حسنین مرزا، عبدالرزاق راہموں، نسیم راجپر اور ارشد شر بلوچ شامل تھے۔
ملاقات میں سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر کے تقرر سمیت دیگر امور پر تبادلہ خیال اور سندھ میں نگراں حکومت کے قیام، بدامنی، مہنگائی سمیت دیگر معاملات پر غور کیا گیا۔
ایم کیوایم پاکستان اور جی ڈی اے رہنماؤں ڈاکٹر فاروق ستار، مصطفی کمال، ڈاکٹر صفدر عباسی، سردار رحیم، خواجہ اظہار الحسن، حسنین مرزا، ارشد شر بلوچ و دیگر نےفنکشنل ہاوس میں اجلاس کے بعد پریس کانفرنس کی۔سیکریٹری اطلاعات جی ڈی اے سردار عبدالرحیم کا کہنا تھا کہ آج ایم کیوایم پاکستان کے دوست ہمارے پاس آئے تھے، سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر کے لئے اتفاق رائے ہوگیا ہے۔ جی ڈی اے نے ایم کیوایم پاکستان کے امیدوار کی حمایت کا اعلان کردیا ہے۔
ڈاکٹر صفدر علی عباسی کا کہنا ہےکہ جی ڈی اے ایم کیوایم پاکستان کے اپوزیشن لیڈر کی حمایت کریگی۔کوشش ہوگی کہ غیر جانبدار نگراں حکومت قائم ہو،ہم نے پاکستان خصوصا سندھ کے حقوق کی آواز بلند کرنا ہے۔ڈاکٹر صفدر علی عباسی نے مزید کہا کہ ہم مشاورت سے معاملات کو آگے بڑھیں گے،ہم اگر اپنی بہن ( رعنا انصار نقوی) کو ووٹ دے رہے ہیں تو سندھ کے لئے بھرپور کردار ادا کرینگے۔جس طرح پیپلزپارٹی نے سندھ کو برباد کیا ہے اسکا حساب ہوگا،کراچی کو تباہ کردیا گیا ہے جبکہ کراچی پورے پاکستان کو چلاتا ہے۔
ڈاکٹر صفدر علی عباسی نے کہا کہ جی ڈی اے واحد الائنس ہے جو آج تک قائم ہے،کوئی سوچتا ہے کہ ہمیں چھوڑ کر کسی اور جماعت کو جوائن کرتا ہے تو ہماری طرف سے کوئی قید نہیں ہے۔لوگ آزاد ہیں ہمیں جوائن کریں یا کہیں اور جائیں۔ہماری کوشش ہے کہ منصفانہ اور آزادانہ الیکشن ہوں،ہماری توقع ہے کہ جی ڈی اے جو مسائل اُٹھائیگی ملکر ان پر آواز بلند کرینگے۔2018میں عوام کا حقیقی مینڈیٹ سامنے نہیں آیا ، سندھ میں اپوزیشن متحد ہورہی ہے،2018میں جو کالک یہاں ملی گئی تھی وہ دھونے کا وقت ہے۔
صفدر عباسی نے کہا کہ کوئی کہیں نہیں جارہا ہم سب متحد ہیں،میں پیپلزپارٹی میں نہیں جا رہا ہوں۔نگران سیٹ اپ کا اعلان ہونے دیں انکے اپنے لوگ انکے ساتھ نہیں ہونگے۔اب 2018 کو دہرانے نہیں دینگے۔
رہنما ایم کیوایم پاکستان مصطفی کمال نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ اپوزیشن لیڈر جو بنیں گی وہ جی ڈی اے اور ایم کیوایم پاکستان کی مشترکہ امیدوار ہونگی۔ہم صرف مشترکہ اپوزیشن لیڈر کے معاملے پر ایک ساتھ جمع نہیں ہوئے،ہم نے دیہی اور شہری سندھ کی خلیج کو پُر کرنا ہے۔پچھلے تیس برسوں کا سندھ کا منظر نامہ دیکھیں تو ایم کیوایم پاکستان نے اپنے حصے سے زیادہ کام کیا ہے،لوگ روزگار کیلئے کراچی آتے ہیں۔
مصطفی کمال نے کہا کہ جام صادق کے دور میں ایک سیٹ والے کو ایم کیوایم پاکستان نے وزیراعلی بنایا،علی محمد مہر کو وزیراعلی بنایا،ڈاکٹر ارباب غلام رحیم کو وزیراعلی بنایا۔ہم سندھ میں لوگوں کو امید دینگے،پیپلزپارٹی نے اپنی ریاست اور جاگیر بنا لی ہے۔اس سے لوگوں میں مایوسی پیدا ہوئی ہےجسکی وجہ سے عوام کا ریاستی اداروں پر سے اعتماد کم ہوگیا ہے۔
مصطفی کمال نے کہا کہ ے یو آئی کے ساتھ ہمارے اچھے تعلقات ہیں،اینٹی پیپلزپارٹی لوگ متحد ہورہے ہیں،مستقبل میں ہم ساتھ ہوسکتے ہیں۔