ایک نیوز: لاہور آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے پنجاب پولیس کے چہرہ شناخت کے جدید سسٹم "فیس ٹریس" کا افتتاح کر دیا۔ سنٹرل پولیس آفس میں منعقدہ تقریب میں آئی جی پنجاب نے باضابطہ طور پر سسٹم کا افتتاح کیا۔
ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا ہے کہ آرٹیفیشل انٹیلی جنس کی جدید ٹیکنالوجی سے مزین یہ سسٹم پنجاب پولیس آئی ٹی ونگ نے پی آئی ٹی بی کے اشتراک سے تیار کیا ہے،
ڈی آئی جی آئی ٹی احسن یونس نے چہرہ شناخت سسٹم کے فیچرز ، افادیت اور ورکنگ بارے آگاہ کیا۔ آئی جی پنجاب کا کہنا تھا کہ فیس ٹریس پنجاب پولیس کے کریمنل مینجمنٹ سسٹم سمیت دیگر ڈیٹا بیس پورٹلز سے ہم آہنگ ہے، اس جدید سسٹم کی بدولت تفتیشی افسران کو عادی مجرمان کی شناخت اور گرفتاری میں خصوصی معاونت میسر آئے گی۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ افسران اس جدید سسٹم سے استفادہ کرتے ہوئے عادی و پیشہ ور مجرمان کو قانون کے کٹہرے میں لائیں۔ ٹریننگ ، لرننگ ، میچورٹی، انٹیگریشن اور فیڈ بیک کی روشنی میں اس سسٹم کو مزید بہتر بنایا جائے۔
ڈی آئی جی آئی ٹی احسن یونس نے کہا کہ تمام اضلاع کو فیس ٹریس سسٹم کے طریقہ استعمال بارے آگاہی دی گئی ہے۔ فیس ٹریس سسٹم کو جلد ہی ای پولیس پوسٹ،کرائم پریوینشن ایپ سے منسلک کر دیا جائے گا۔
تقریب کے اختتام پر آئی جی پنجاب نے پی آئی ٹی بی اور پنجاب پولیس آئی ٹی ونگ کے افسران کو تعریفی اسناد سے نوازا۔