جتوئی: ایم فل کی طالبہ سے زیادتی، نازیبا ویڈیوز کے ذریعے بلیک میلنگ، مقدمہ درج

Jul 25, 2023 | 12:42 PM

ایک نیوز: جتوئی کے علاقہ شہرسلطان میں وومن یونیورسٹی کی ایم فل کی طالبہ کو نازیبا ویڈیوز کے ذریعے بلیک میل کرکے کئی ماہ تک زیادتی کا نشانہ بنائے جانے کا انکشاف ہوا ہے۔ 

تفصیلات کے مطابق وومن یونیورسٹی ملتان کی ایم فل کی طالبہ کو تحصیل جتوئی کے علاقے شہرسلطان میں 3 افراد نے ایک سال میں کئی مرتبہ زیادتی کا نشانہ بنایا۔ ملزمان نے متاثرہ طالبہ کی بنائی گئی نازیبا ویڈیوز بھی سوشل میڈیا پر وائرل کردیں۔ 

متاثرہ طالبہ کے مطابق ایک سال قبل اس کا رشتہ دار زین نامی ملزم اسے یونیورسٹی چھوڑنے کا بہانہ بناکر ایک گھر میں لے گیا، ملزم نے نشہ آور چیز پلاکر اسے زیادتی کا نشانہ بنایا اور نازیبا ویڈیو بھی بنالی۔ 

متاثرہ طالبہ کے مطابق بعدازاں اسی ویڈیوز کے ذریعے بلیک میل کرکے ملزم اسے متعدد بار زیادتی کا نشانہ بناتا اور مزید نازیبا ویڈیوز بھی بناتا رہا۔ طالبہ کا کہنا تھا کہ بدنامی کے ڈر سے اور ملزم کی جانب سے شادی کے وعدے پر اس نے قانونی کارروائی سے گریز کیا، کچھ عرصہ قبل زین دبئی فرار ہوگیا اور نازیبا ویڈیوز اپنے دو دوستوں کو دیدیں۔ 

متاثرہ طالبہ نے یہ بھی کہا ہے کہ نازیبا ویڈیوز کے ذریعے بلیک میل کرکے ملزم کے دو ساتھی عبدالمالک اور شاہد غفار بھی اسے متعدد بار زیادتی کا نشانہ بناتے رہے۔ بعدازاں ملزمان نے اس کی نازیبا ویڈیوز اس کے اہلخانہ کو بھی بھیجیں اور سوشل میڈیا پر بھی وائرل کردیں۔ طالبہ نے ملزمان کیخلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔ 

دوسری جانب پولیس کے مطابق متاثرہ طالبہ کی درخواست پر تھانہ شہر سلطان میں 3 ملزمان کیخلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے اور واقعے کی تحقیقات جاری ہیں۔

مزیدخبریں