ایک نیوز: نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی زیر صدارت اجلاس ہوا۔ جس میں نقد آورفصلوں کی زیادہ پیداوار اور زراعت کے فروغ کیلئے پائیدار اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔ اس کے علاوہ فصلوں کی زیادہ پیداوار حاصل کرنے کیلئے اعلیٰ معیار کے بیج اور معیاری زرعی ادویات کے حوالے سے تجاویز پر غور کیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق سپیشل اکنامک زونز میں زراعت کیلئے خصوصی زون مختص کرنے پر اتفاق کیا گیا ہے۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی نے پنجاب میں چنے اور دالوں کی پیداوار بڑھانے کے لئے قابل عمل پلان طلب کرلیا۔
نگران وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ دالوں کی پیداوار بڑھا کر ہر سال قیمتی زرمبادلہ بچایا جا سکتا ہے۔ زرعی خودکفالت کے ساتھ زرعی ایکسپورٹ کا فروغ ہمارا مشترکہ مشن ہے۔ شعبہ زراعت میں سرمایہ کاری کیلئے آسانیاں پیدا کر رہے ہیں اور سرمایہ کاروں کو ون ونڈو کی سہولت فراہم کی جائے گی-
انہوں نے مزید کہا کہ کارپوریٹ فارمنگ کے فروغ کیلئے پرائیویٹ سیکٹر کے ساتھ کام کر رہے ہیں- کسانوں کی خوشحالی اور زراعت کی ترقی کیلئے بڑے پیمانے پر اصلاحات لائی جا رہی ہیں- کسان ترقی کرے گا تو پاکستان ترقی کرے گا-
اس موقع پر زرعی ماہرین کا کہنا تھا کہ پنجاب میں کپاس کے زیرکاشت رقبے میں ریکارڈ اضافے کا کریڈٹ وزیراعلی محسن نقوی اور ان کی ٹیم کو جاتا ہے- ویلیو ایڈڈ ایگریکلچر انڈسٹریز کے فروغ کے لئے قابل عمل اقدامات ناگزیر ہیں- فصلوں کیلئے واٹر مینجمنٹ کے پلان پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے- کھاد کے متناسب استعمال کو یقینی بنانے کے لئے کاشت کاروں کی کپیسٹی بلڈنگ کا اہتمام کیا جائے-
اجلاس میں پیسٹی سائیڈز اور سیڈ کمپنیوں کے نمائندوں نے بھی شرکت کی اور اپنی سفارشات پیش کیں۔ نگران وزیراعلی محسن نقوی نے قابل عمل تجاویز پر عملدآمد کی یقین دہانی کرائی۔
کمپنیوں کے نمائندوں نے زراعت کے فروغ کے لئے حکومت پنجاب کی کاوشوں کو قابل تحسین قرار دیدیا۔