جنوبی وزیرستان: سروکئی کے تین مختلف سرکاری سکولوں میں سمر کیمپس کا انعقاد 

Jul 25, 2023 | 11:26 AM

ایک نیوز: جنوبی وزیرستان کے علاقے سروکئی میں نوجوانوں کیلئے سمر کیمپس کا انعقاد کیا گیا ہے۔ 

تفصیلات کے مطابق جنوبی وزیرستان جہاں کبھی جنگ و جدل کی کیفیت ہوتی تھی اب وہاں پاک فوج کی کاوشوں سے امن کا ڈنکا بجتا ہے۔ جنوبی وزیرستان کی تحصیل سروکئی کے دور دراز علاقہ میں نوجوان نسل میں تعلیم میں دلچسپی کو فروغ دینے کے لیے اہم اقدام اٹھایا گیا ہے۔  

سروکئی کے تین مختلف سرکاری سکولوں میں سمر کیمپس کا انعقاد کیا گیا ہے۔ سمر کیمپس میں مختلف علاقوں سے سینکڑوں بچوں نے شرکت کی ہے۔  سمر کیمپس کے دوران بچوں کو ذاتی نشوونما کو فروغ دینے کے لئے مختلف سرگرمیاں کروائی جارہی ہیں۔  

مختلف تھیمز کے  ذریعے تجزیاتی اور تنقیدی سوچ کو بڑھانے، پینٹنگ کرافٹ کے ساتھ تخیل کو فروغ دینے کے لیے مختلف کورسز کا انعقاد کیاگیا ہے۔ ٹیم کی تعمیر کی حوصلہ افزائی کے لیے گروپ سرگرمیاں بھی منعقد کی گئیں۔

اس کے علاوہ بچوں میں خود اعتمادی، قائدانہ صلاحیتیں  برادری کا احساس، ای لرننگ اور ذاتی حفظان صحت پر لیکچرز دیے گئے۔ بچوں کی دلچسپی کو مدنظر رکھتے ہوئے پاکستان کی تاریخ، تاریخی مقامات اور قومی ہیروز سے متعلق متعدد دستاویزی فلمیں بھی دکھائی گئیں۔

ان سب سرگرمیوں کا مقصد نوجوان نسل کی صلاحیتوں کو اجاگر کرکے ان کو  بہتر مستقبل کے لیے تیار کرنا ہے۔ سمر کیمپس کے انعقاد کے دوران بچوں اور نوجوانوں کے جذبات قابل دید تھے۔ بچوں نے لیکچرز سے بھرپور استفادہ حاصل کیا۔ 

اس کے علاوہ بچوں نے مزید سمر کیمپس کے انعقاد کی خواہش کا اظہار بھی کیا۔ علاقائی عمائدین بھی بچوں کی بہتری کے لیے منعقد کیے گئے کیمپس سے انتہائی خوش ہوئے۔ علاقہ مکینوں نے ایسی سرگرمیوں کو نوجوان نسل اور علاقے کی ترقی کا اہم راز قرار دیا۔

انہوں نے تعلیم و ترقی، سکلز ڈویلپمنٹ اور قائدانہ صلاحیتوں کو نوجوان نسل میں منتقل کرنے کے لیے اس طرز کے اقدامات ناگزیر قرار دیے۔

عمائدین کا کہنا تھا کہ ایسے پروگرامز وزیرستان کے ترقی میں معاون ثابت ہوں گے اور مستقبل میں علاقے کی خوشحالی کا ضامن بنیں گے۔

مزیدخبریں