کراچی: مختلف علاقوں میں رات گئے ہلکی اور تیز بارش

کراچی: مختلف علاقوں میں رات گئے ہلکی اور تیز بارش
کیپشن: Karachi: Light and heavy rain in different areas late night

ایک نیوز: کراچی کے مختلف علاقوں میں رات گئے وقفے وقفے سے ہلکی اور تیز بارش ہوئی۔

رپورٹس کے مطابق کورنگی،لانڈھی، شاہ فیصل اور سرجانی ٹاؤن سمیت مختلف علاقوں میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری رہا۔ 

میئرکراچی مرتضیٰ وہاب نے  رات گئے ضلع وسطی کے مختلف علاقوں کا دورہ کرتے ہوئے ناگن چورنگی،یوپی موڑ،سلیم سینٹر، پاور ہاؤس چورنگی اور ملحقہ علاقوں کا جائزہ لیا۔

اس موقع پر میئرکراچی مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا کہ جن علاقوں میں بارش کا پانی کھڑا ہے انہیں کلیئرکیا جارہا ہے۔پانی کی تصاویرسوشل میڈیا پرجاری کرنے والے پانی کلیئر ہونے کی بھی تصاویر دیکھ لیں، رات کے اس پہر میں، میری ٹیم اور پیپلزپارٹی کے کارکنان موجود ہیں۔

میئرکراچی نے کہا کہ کہا گیا جن علاقوں سے جماعت اسلامی کامیاب ہوئی وہاں پانی جمع نہیں مگر جس علاقے میں ہم موجود ہیں یہاں بارش کا پانی تھا،یہاں سے جماعت اسلامی کامیاب ہوئی تھی، یہاں سےپانی کسی اور نے نہیں کے ایم سی اور واٹر کارپوریشن کی ٹیموں نے نکالا ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز کراچی میں بارش کے باعث متعدد پروازیں منسوخ اور تاخیر کا شکار ہوئیں۔

ائیرپورٹ ذرائع کے مطابق کراچی سے اسلام آباد کیلئے 3گھنٹے تاخیر سے پی کے 368 روانہ ہوئی، اسلام آباد ہی کیلئے 15 منٹ تاخیر سے نجی ائیرلائن کی پرواز پی ایف 127 روانہ ہوئی۔

ذرائع کے مطابق لاہور کیلئے پرواز پی کے 304 تاحال روانہ نہ ہوسکی، فلائی دبئی کی کراچی سے دبئی کی پرواز 40 منٹ تاخیر سے روانہ ہوئی، نجی ائیرلائن کی لاہور جانے والی پرواز پی اے 406 منسوخ ہوگئی۔