ایک نیوز نیوز: پاکستان کے نامور سابق فاسٹ بولر شعیب اختر کی زندگی پر فلم بنے گی۔ راولپنڈی ایکسپریس۔رننگ اگینسٹ دی اوڈز فلم 16 نومبرکو ریلیز کی جائے گی۔
فلم کی ہدایات محمد فراز قیصر نے دی ہیں۔100 میل فی گھنٹہ کی طوفانی رفتار کی بدولت راولپنڈی ایکسپریس کی عرفیت سے شہرت پانے والے 46 سالہ شعیب اختر نے فلم کے بارے میں یوٹیوب چینل پر 25 سیکنڈ کا موشن پوسٹر بھی شیئر کیا۔
موشن پوسٹر میں ایک شخص کو ریل کی پٹڑی پر بھاگتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔ قریب آنے پر شرٹ پر لکھا شعیب اختر کا نام اور نمبر 14 لکھا ہوا نظر آتا ہے۔ اس ویڈیو کلپ کو صرف 20 منٹ میں پانچ ہزار مرتبہ دیکھا گیا۔
شعیب اختر نے 29 نومبر 1997 کو ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹیسٹ میچ سے اپنا ڈیبیو کیا تھا۔ وقت کے ساتھ وہ مشہور ترین فاسٹ بولر کے طور پر ابھر کر سامنے آئے۔ وہ پہلے بولر تھے جن کی گیند کی رفتار سو میل فی گھنٹہ ریکارڈ کی گئی۔ انہوں نے اپنے کیریئر میں دو بار یہ کارنامہ انجام دیا۔
انہوں نے 46 ٹیسٹ اور 163 ایک روزہ انٹرنیشنل میچز میں پاکستان کی نمائندگی کی۔ شعیب اختر نے پاکستان کی طرف سے 15 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے۔ وہ اپنے شاندار کیریئر کے بعد 2011 میں ایک روزہ ورلڈ کپ کھیل کر ریٹائر ہو گئے تھے۔