ایک نیوز: آئی ایس پی آر کے مطابق سکیورٹی فورسز نے ضلع خیبر کے علاقے باغ میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا، جس کے نتیجے میں 4خوارج ہلا ک جبکہ 2زخمی ہوگئے ہیں۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر ) کے مطابق سکیورٹی فورسز نے باغ کے علاقے میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر کارروائی کی ، فتنہ الخوارج کے خلاف موثر کارروائی کے دوران دہشت گردوں کا سرغنہ عزیز الرحمن عرف قاری اسماعیل اور مخلص مارے گئے ،جبکہ 2خارجی دہشت گرد زخمی بھی ہوئے ۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ہلاک ہونے والے خارجی دہشت گردوں کے قبضے سے بڑی مقدار میں ہتھیار اور بارودی مواد بھی برآمد ہوا، مارے جانے والی خارجی دہشت گرد علاقے میں سیکیورٹی فورسز پر حملوں اور شہریوں کے قتل میں بھی ملوث تھے۔
ترجمان پاک فوج کا کہناہے علاقے کو خارجی دہشتگردوں سے پاک کرنے کے لیے سینیٹائزیشن آپریشن جاری ہے ۔
آئی ایس پی آر کا کہناہے کہ پاکستان کی سکیورٹی فورسز وطن عزیز سے دہشت گردی کی لعنت کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں۔