تحریک انصاف کی جاوید ہاشمی کےگھرپولیس چھاپے کی مذمت 

تحریک انصاف کی جاوید ہاشمی کےگھرپولیس چھاپے کی مذمت 
کیپشن: تحریک انصاف کی جاوید ہاشمی کےگھرپولیس چھاپے کی مذمت 

ایک نیوز: تحریک انصاف  کی جانب سے سینئر سیاست دان جاوید ہاشمی کو حق کا ساتھ دینے پر ریاستی فسطائیت کا نشانہ بنانے کی شدید مذمت الفاظ میں مذمت کی گئی۔

ترجمان پی ٹی آئی  کاکہنا تھا کہ ظلم کے خلاف حق اور سچ کی آواز بلند کرنے کے پاداش میں ایک معزز سیاست دان کے گھر پر پولیس کا دھاوا اور چادر اور چار دیواری کے تقدس کی پامالی انتہائی شرمناک اور قابلِ مذمت ہے۔پر امن عوامی اجتماعات کا انعقاد کسی بھی سیاسی جماعت کا بنیادی آئینی حق ہے جس سے صرف ایک جماعت کو محروم رکھ کر آئین اور جمہوریت کا قتلِ عام جاری ہے۔ایک سیاسی جماعت کی مقبولیت کے خوف میں مسلسل آئین و جمہوریت سمیت اخلاقی، سماجی اور مذہبی اقدار کو پیروں تلے روندا جا رہا ہے۔تحریک انصاف کے قائدین، کارکنان، حامیوں اور ان سے وابستہ افراد پر تشدد، ٹارچر، جبری گمشدگیوں جیسے ہتھکنڈوں سے مطلوبہ نتائج نہ حاصل ہونے پر بوکھلاہٹ کا شکارعناصر حق کی ہر آواز سے خوفزدہ ہیں۔

ترجمان پی ٹی آئی کاکہنا تھا کہ تحریک انصاف کے خلاف جاری ظلم اور فساطئیت کے سلسلے کے خلاف اٹھنے والی ہر آواز کو نشانہ انتقام بنانا منصوبہ سازوں کی شکست کی واضح دلیل ہے۔سازش کے تحت تحریک انصاف کو انتخابی نشان سے محروم کرنے کے بعد بھی ریاستی فسطائیت اور جبر کا یہ کھیل زور و شور سے جاری ہے۔عوام کی آواز سلب کرنے کیلئے طاقت کا مسلسل اور بےدریغ استعمال عوام کو اس نظام سے مزید متنفر کرنے کا باعث بن رہا ہے۔8 فروری کے دن عوام اپنے ووٹ کی طاقت کے ذریعےظلم، جبر اور فسطائیت کے نظام کے خلاف اپنا فیصلہ سنائیں گے۔