والدین نے کینسرکےمریض5 سالہ بچےکی زندگی چھین لی

Jan 25, 2024 | 15:15 PM

JAWAD MALIK

ویب ڈیسک: بھارت میں بلڈ کینسر میں مبتلا 5 سالہ بچے کو صحت یاب کروانے کیلئے ٹھنڈے پانی میں ڈبو کر اس کی جان لے لی ۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ واقعہ بدھ کو شہر ہریدوار کے دریائے گنگا میں پیش آیا جہاں والدین کسی معجزے کی چاہ میں بچے کو دریا پر لائے اور اسے متعدد بار پانی میں ڈبو دیا۔والدین کا خیال تھا کہ ایسا کرنے سے ان کے بچے کو زندگی ملے گی کیونکہ ڈاکٹرز نے اسے جواب دے دیا تھا اور تمام امید چھوڑ دی تھی، اس لیے جب بچے کو سرد موسم میں بار بار دریا کے پانی میں ڈالا گیا تو بچے کی موت ہوگئی۔

 پولیس جائے وقوعہ پر پہنچی تو وہاں موجود لوگوں نے بتایا کہ بچے کی ماں لاش اپنے قریب رکھ کر زور زور سے چیخ رہی تھی کہ بچے کو کچھ نہیں ہوا اور ابھی کچھ دیر میں یہ واپس زندہ ہوجائے گا، پولیس بچے کو اٹھا کر قریبی ہسپتال لے کر گئی تو ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دے دیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق بچے کے والدین کو جب یہ کرتے دیکھا گیا تو کچھ لوگوں نے روکنے کی کوشش کی جس پر بچے کی ایک رشتے دار نے  سخت ناراضی اور غصے کا اظہار کیا اور بچے کو باہر نکالنے والوں سے ہاتھا پائی کی۔ہریدوار پولیس چیف کا کہنا ہے کہ اہلخانہ نے بتایا کہ بچے کا دہلی کے ایک جدید ہسپتال میں کینسر کا علاج چل رہا تھا تاہم ڈاکٹروں نے بلآخر ہار مان کر انہیں بتایا تھا کہ بچے کو بچایا نہیں جا سکتا، اس لیے خاندان کا خیال تھا کہ دریائے گنگا سے بچے کو شفا ملے گی۔

مزیدخبریں