ایک نیوز: سینئر سیاست دان الہٰی بخش سومرو انتقال کر گئے۔
تفصیلات کے مطابق فیملی ذرائع نے کہا ہے کہ سیاست دان الہٰی بخش سومرو انتقال کر گئے ہیں، وہ کراچی کے ایک نجی اسپتال میں زیر علاج تھے۔
مرحوم الہٰی بخش سومرو اسپیکر قومی اسمبلی اور متعدد بار وفاقی وزیر بھی رہ چکے ہیں، وہ سینیٹ کے بھی رکن رہے۔ وہ حرکت قلب بند ہونے کے باعث آج کراچی میں انتقال کر گئے۔
الہٰی بخش سومرو کا جسد خاکی ان کے آبائی گاؤں جیکب آباد کے لیے روانہ کر دیا گیا ہے جہاں آج رات ان کی نماز جنازہ ادا کی جائے گی اور وہیں پر ان کی تدفین ہوگی۔
اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف
اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے سابق اسپیکر قومی اسمبلی سینئر سیاست دان الہٰی بخش سومرو کے انتقال پر اظہار تعزیت کرتے ہوئے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔انہوں نے سابق اسپیکر قومی اسمبلی سینئر سیاست دان الہٰی بخش سومرو کی سیاسی و سماجی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔
انہوں نے کہا کہ مرحوم ایک مدبر ، مخلص اور زیرک سیاستدان تھے، ان کی ملک و قوم کے لیے خدمات لائق تحسین ہیں۔انہوں نے مرحوم کی انتقال کو ملک کے لیے ناقابل تلافی نقصان قرار دیتے ہوئے کہا کہ مرحوم کی سیاسی و سماجی خدمات کو تادیر یاد رکھا جائے گا۔
اسپیکر نے سوگوار خاندان سے دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ غم اور دکھ کی اس گھڑی میں ان کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔اسپیکر نے اللہ تعالیٰ سے مرحوم کے درجات کی بلندی اور سوگوار خاندان کو اس ناقابل تلافی نقصان کو برداشت کرنے کے لیے صبر جمیل عطاء فرمانے کی دعا کی۔