ن لیگ کی بڑی کامیابی، مخالف دھڑوں میں اتحاد، پارٹی امیدوار کے حق میں دستبردار

Jan 25, 2024 | 12:37 PM

ایک نیوز: جہلم اور سرگودھا کے حلقے میں بڑی سیاسی پیش رفت سامنے آئی ہے۔ جہاں مسلم لیگ (ن) کو ایک اور بریک تھرو مل گیا ہے۔ دونوں علاقوں میں مخالف دھڑوں میں صلح ہوگئی ہے اور انہوں ںے پارٹی امیدواروں کے حق میں دستبردار ہونے کا اعلان کردیا ہے۔ 

بتایا گیا ہے کہ راجہ مطلوب مہدی اور راجہ طالب مہدی پاکستان مسلم لیگ (ن) کے جہلم سے نامزد امیدوار چوہدری فرخ الطاف کے حق میں دستبردار ہوگئے۔ انہوں نے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہبازشریف سے ملاقات میں فیصلے کا باضابطہ اعلان کیا۔ 

اسی طرح سرگودھا میں حامد حمید بھی مسلم لیگ (ن) کے نامزد امیدوار ڈاکٹر لیاقت کے حق میں دستبردار ہوگئے۔ شہبازشریف نے پارٹی نظم وضبط کی پاسداری اور ایک مقصد کے لئے تمام راہنماﺅں کے جذبے کو سراہا۔ 

شہباز شریف نے اپنی گفتگو میں کہا کہ آپ پر فخر ہے، آپ نے پارٹی اور قیادت کو عزت دی، آپ کا شکریہ۔ ہم سب نے متحد ہوکر پاکستان کے عوام کو مہنگائی سے نجات دلانی ہے۔ پاکستان کی معاشی بحالی اور خودانحصاری اصل چیلنج ہیں۔ ہم نے مل کر مہنگائی، بے روزگاری اور معاشی بدحالی کے مسائل سے لڑنا ہے۔ 

پارٹی راہنماﺅں نے قیادت کے اعتماد اور حوصلہ افزائی پر شکریہ ادا کیا۔

دوسری جانب مسلم لیگ ن نے انتخابات سے قبل حلقوں کی سطح پر پارٹی میں اختلافات ختم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ مسلم لیگ ن کے اپنے آزاد امیدواروں کے ساتھ تنازعات بھی پارٹی کیلئے درد سر بن گئے۔ 

مسلم لیگ ن نے مختلف حلقوں میں اختلافات کے خاتمے کے لیے 10 خصوصی کمیٹیاں تشکیل دے دیں۔ تنازعات کے حل کے لیے کمیٹیاں مختلف حلقوں کے دورے کریں گی۔ کمیٹیاں حلقوں میں لیگی امیدواروں کے مقابلے میں الیکشن لڑنے والے پارٹی کے ہی آزاد امیدواروں سے متعلق رپورٹ مرتب کریں گی۔ 

تنازعات کے حل کے لیے راولپنڈی، اسلام آباد، گوجرانوالہ، سرگودھا، ساہیوال اور فیصل آباد کیلئے کمیٹیاں تشکیل دی گئی ہیں۔ ملتان، بہاولپور، ڈی جی خان اور لاہور کے لیے بھی تنازعات کے حل کیلئے کمیٹیاں تشکیل دی گئی ہیں۔ 

راولپنڈی اسلام آباد ڈویژن کے لئے حافظ حفیظ الرحمان،  ڈاکٹر طارق فضل چوہدری، ملک تنویر پر مبنی کمیٹی تشکیل دی گئی ہے۔ لاہور ڈویژن کے پارٹی تنازعات پر قائم کمیٹی میں سینیٹر اسحاق ڈار اور سینیٹر اعظم نذیر تارڑ شامل ہیں۔ کمیٹیاں متعلقہ حلقوں کے پارٹی امیدواران سے ملاقاتیں کریں گی۔

کمیٹیاں متعلقہ حلقوں میں پارٹی پوزیشن کے بارے میں معلومات جمع کریں گی۔ مقامی سطح پر موجود کسی بھی تنازعے یا اختلاف کے فوری خاتمے کے لئے کام کریں گی۔ پارٹی کے کسی رہنما کے بطور آزاد امیدوار انتخابات لڑنے پر اختلافات ختم کریں گی۔

کمیٹی کا جن حلقوں میں سخت مقابلہ متوقع ہوگا۔ وہاں امیدواران کو مزید محنت کے لئے ہدایات جاری کرے گی۔

مزیدخبریں