ایک نیوز: بغیر ہیلمٹ موٹر سائیکل سوار اب ہو جائیں ہوشیار،پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی نے بغیر ہیلمٹ موٹر سائیکل چلانے والوں کو ٹریس کرنے کا اپنی نوعیت کا پہلا سوفٹ ویئر تیار کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق ترجمان پنجاب پولیس کا کہنا ہے کہ پنجاب پولیس آرٹیفیشل انٹیلی جنس بیسڈ جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے ٹریفک قوانین کا نفاذ یقینی بنا رہی ہے،پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کے سی سی ٹی وی کیمرے سوفٹ ویئر کی مدد سے بغیر ہیلمٹ موٹر سائیکلز چلانے والوں کی نشاندہی کریں گے،سوفٹ ویئر کے ذریعے ٹریس ہونے والے بغیر ہیلمٹ موٹر سائیکل سواروں کو جرمانہ عائد ہو گا۔
آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کا کہنا ہے کہ آرٹیفیشل انٹیلیجنس بیسڈ سوفٹ ویئر ایس ایس پی رفعت بخاری نے ایم ڈی سیف سٹیز احسن یونس کی قیادت میں تیار کیا،بغیر ہیلمٹ موٹر سائیکل سواروں کی نشاندہی، جرمانوں سے شہری ٹریفک قوانین پر زیادہ سنجیدگی سے عمل درامد کریں گے،لاہور ہائی کورٹ کے احکامات کے تحت بغیر ہیلمٹ موٹر سائیکل چلانے پر 02 ہزار روپے جرمانہ ادا کرنا ہو گا،شہری دوران سفر حادثات اور بھاری جرمانے سے محفوظ رہنے کے لئے ہیلمٹ کا استعمال یقینی بنائیں۔
ایم ڈی سیف سٹیز اتھارٹی احسن یونس نے کہا کہ پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کا تیار کردہ ہیلمٹ کی خلاف ورزی ٹریس کرنے کا یہ اپنی نوعیت کا پہلا انفرادی سوفٹ ویئر ہے، آرٹیفیشل انٹیلی جنس بیسڈ سوفٹ ویئر ٹیکنالوجی کے ذریعے پنجاب پولیس کی پولیسنگ صلاحیتوں میں یقینی اضافہ ہوگا۔