کراچی: سیکیورٹی فورسز کی بڑی کامیابی، کالعدم ٹی ٹی پی کا بڑا نیٹ ورک پکڑا گیا

Jan 25, 2024 | 09:13 AM

This browser does not support the video element.

ایک نیوز: سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے بڑی کامیابی حاصل کرلی۔ کراچی میں کالعدم ٹی ٹی پی کا بڑا نیٹ ورک پکڑا گیا۔ 

تفصیلات کے مطابق ٹی ٹی پی کے دہشتگرد کراچی میں دہشتگردانہ کارروائیوں کی منصوبہ بندی کر رہے تھے تاہم انٹیلی جنس ایجنسیز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ان دہشتگردوں کے عزائم کو ناکام بناتے ہوئے کراچی سے گرفتار کرلیا۔ 

یہ دہشتگرد ٹارگٹ کلنگ اور بھتہ وصولی جیسے سنگین جرائم میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کو مطلوب تھے۔ سیکیورٹی فورسز کی اس کارروائی میں اہم دہشتگرد کمانڈرز سمیت 17دہشتگردوں کو گرفتار کیا گیا۔ ان دہشتگردوں کو افغانستان سے ٹی ٹی پی کی قیادت کی سرپرستی میں مدرسہ طالب علم کے روپ میں منظم کیا گیا تھا۔ 

گرفتار دہشت گرد 2007 تا 2014 تک ٹی ٹی پی نیٹ ورک کا حصہ تھے اور سوات/مالاکنڈ میں سیکیورٹی فورسز اور NGOs پر مختلف حملوں میں ملوث تھے۔ یہ دہشتگرد کراچی میں فرقہ وارانہ، نسلی، سیاستدانوں کی ٹارگٹ کلنگ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں پر حملوں میں بھی ملوث تھے۔ یہ نیٹ ورک افغانستان میں ٹی ٹی پی کی اعلیٰ قیادت کے لیے بھتہ خوری کی سرگرمیوں اور اغواء برائے تاوان کے ذریعے فنڈز اکٹھا کرتا تھا۔ 

اس نیٹ ورک نے مدرسے میں خودکش بمباروں کو بھی پناہ دی تھی۔ جنہیں افغانستان سے کراچی اور ملک کے دیگر حصوں میں دہشتگردی کی مختلف سرگرمیوں میں استعمال ہونا تھا۔ اس سلسلے میں حساس تنصیبات، اعلیٰ سطحی عہدیداران اور ملٹی نیشنل کمپنیوں کے تاجروں /ملازمین کے خلاف بھتہ خوری سے بچنے کے لئے بہترین اقدامات بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداراے پاکستانی عوام کی مکمل حمایت سے دہشت گردوں کے مذموم عزائم کو خاک میں ملانے کے لئے پر عزم ہیں۔

مزیدخبریں