اسپیکر نے قومی اسمبلی کا اجلاس 31 جنوری کو طلب کرلیا

Jan 25, 2023 | 20:39 PM

muhammad zeeshan

اسلام آباد: تحریک انصاف کے 123 استعفوں کی منظوری کے بعد اسپیکر  راجہ پرویز اشرف نے قومی اسمبلی کا اہم اجلاس 31 جنوری کو طلب کرلیا ہے جس میں بڑے فیصلوں کا امکان ہے۔ واضح رہےکہ قومی اسمبلی کے اجلاس کا شیڈول دوسری بار تبدیل کیا گیا ہے۔

قبل ازیں 17 جنوری کو ہونے والا قومی اسمبلی کا اجلاس 20 جنوری جمعہ دن 11 بجے تک ملتوی کیا گیا تھا جس کے بعد اسپیکر نے اپنے اختیارات کے تحت اجلاس مؤخرکرتے ہوئے شیڈول میں تبدیلی کا نوٹیفکیشن جاری کیا تھا اور اجلاس  27 جنوری دن 11 بجے طلب کیا تھا۔

 تاہم اب ایک بار پھر اسپیکر نے اپنے اختیارات کے تحت 27 جنوری کو ہونے والا اجلاس 31 جنوری شام 5 بجےطلب کرلیا ہے۔

واضح رہے کہ اسپیکر قومی اسمبلی نے تحریک انصاف کے مزید 43 ارکان کے استعفے منظور کرلئے ہیں جس کے بعد قومی اسمبلی میں تحریک انصاف کے ٹکٹ پر منتخب ہونے والے اب صرف منحرف ارکان ہی باقی بچے ہیں۔

اب مزید 43 استعفوں کی منظوری کے بعد مجموعی طور پاکستان تحریک انصاف کے 122اور شیخ رشید کا ایک استعفیٰ ملا کر 123اراکین کے استعفے منظور ہو چکے ہیں۔

یاد رہے کہ چند روز قبل بھی اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے پاکستان تحریک انصاف کے 34 اراکین قومی اسمبلی اور سابق وزیر داخلہ شیخ رشید کے استعفے منظور کیے تھے۔

اس کے علاوہ اسپیکر قومی اسمبلی نے جولائی 2022 میں بھی پی ٹی آئی کے 11 اراکین قومی اسمبلی کے استعفے منظور کیے تھے جس میں سے کراچی سے رکن قومی اسمبلی شکور شاد نے عدالت میں درخواست دائر کر کے اپنے استعفے کی درخواست واپس لے لی تھی۔

اسپیکر قومی اسمبلی نے 20 جنوری کو پی ٹی آئی کے مزید 35 ارکان کے استعفے منظور کیے تھے۔

مزیدخبریں