صدر یو اے ای نے پاکستان میں بڑی سرمایہ کاری کاعندیہ دیدیا

Jan 25, 2023 | 15:43 PM

ایک نیوز: متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان ایک روزہ دورے پر رحیم یار خان پہنچے جہاں وزیراعظم شہباز شریف نے ان کا چاندنہ ائیرپورٹ پر استقبال کیا۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف ایک روزہ دورے پر رحیم یار خان پہنچے ہیں جہاں انہوں نے یواےای کے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان کا پرتپاک استقبال کیا ہے۔دونوں رہنماؤں کی ملاقات میں دو طرفہ تعلقات بڑھانے پر تبادلہ خیال ہوا۔ 

ذرائع کے مطابق وزیراعظم اور  اماراتی صدر کی ملاقات برادرانہ ماحول میں ہوئی، شیخ محمد بن زاید نے وزیراعظم شہباز شریف سے بڑی والہانہ محبت کا اظہارکیا اور   وزیراعظم کا ہاتھ تھامے اپنے جہاز میں لےگئے۔

ذرائع نے بتایا ہےکہ صدر یو اے ای نے وزیراعظم کو پاکستان میں بڑی سرمایہ کاری کرنےکا بھی عندیہ دیا، ان کا کہنا تھا کہ آپ تیاری کریں، یو اے ای پاکستان میں بڑی سرمایہ کاری کرےگا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ یو اے ای کے صدر نے وزیراعظم کی اپنے اہل خانہ اور بچوں سے بھی ملاقات کرائی، وزیراعظم نے یو اے ای کے صدر کے  بچوں سے عربی اور  انگریزی میں گفتگو کی۔

یاد رہے کہ دونوں رہنماؤں نے رواں ماہ ابوظہبی میں بھی ملاقات کی تھی۔ وزیراعظم شہباز شریف کابینہ کے سینیئر ارکان کے ہمراہ ابوظبی گئے تھے اور تجارت کے علاوہ سرمایہ کاری اور دیگر معاشی روابط پر گفتگو ہوئی تھی۔

اس سے قبل وزیراعظم آفس کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں بتایا گیا تھا کہ ’ وزیراعظم شہباز شریف ایک روزہ دورے پر آج رحیم یار خان جائیں گے جہاں وہ چاندنہ ایئرپورٹ پر متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زائد النہیان کا استقبال کریں گے۔‘

بیان کے مطابق ’بعدازاں دونوں رہنما پاکستان اور یو اے ای کے درمیان برادرانہ تعلقات میں مزید بہتری اور دیگر معاملات پر بات چیت کریں گے۔‘

گزشتہ ہفتے متحدہ عرب امارات نے پاکستان کے مرکزی بینک میں موجود اپنے دو ارب ڈالر کی واپسی کی مدت میں توسیع کرنے کا اعلان اس وقت کیا تھا جب صدر شیخ محمد بن زائد النہیان نے اسلام آباد کی مدد کے لیے مزید ایک ارب ڈالر کا اضافی قرض دینے پر رضامندی ظاہر کی تھی۔

پاکستان اپنے اتحادیوں اور کثیرالجہتی اداروں کی جانب سے اعانت کے حصول کے لیے سرگرم ہے۔

پاکستان کو پچھلے سال آنے والے تباہ کن سیلاب کی وجہ سے مشکلات کا سامنا ہے کیونکہ اس کو تقریباً 30 ارب ڈالر کا نقصان ہوا تھا۔

اس کے بعد سے پاکستان کو معاشی مسائل کا سامنا ہے اور اس کی قومی کرنسی اور زرمبادلہ کے ذخائر میں تیزی سے کمی ہو رہی ہے۔

متحدہ عرب امارات اور پاکستان دوطرفہ تجارت کو بڑھانے کے لیے کوشاں ہیں جو گزشتہ سال 10 ارب 60 کروڑ ڈالر تک پہنچی تھی۔

مزیدخبریں