الیکشن کی حتمی تاریخ، الیکشن کمیشن کاپنجاب،خیبرپختونخواکے گورنرز کو خط

الیکشن کی حتمی تاریخ، الیکشن کمیشن نے گورنرز کو خط لکھ دیا
کیپشن: On the final date of the election, the Election Commission wrote a letter to the governors(file photo)

ایک نیوز: پنجاب اور خیبرپختونخوا میں عام انتخابات کی حتمی تاریخ کیلئے الیکشن کمیشن نے دونوں صوبوں کے گورنرز کو خط ارسال کردیا۔

تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن نے گورنر پنجاب کو مراسلے میں لکھا ہے کہ پنجاب میں 9 سے 13 اپریل کے درمیان پولینگ کی تاریخ مقرر کی جائے جبکہ گورنر کے پی کو 15 سے 17 اپریل کے درمیان تاریخ مقرر کرنے کا کہا ہے۔ 

سیکرٹری الیکشن کمیشن عمر حمید کی جانب سے جاری کردہ مراسلے میں کہا گیا ہے کہ پنجاب اسمبلی 14 جنوری کو تحلیل ہوئی جبکہ خیبر پختونخوا اسمبلی 18 جنوری کو تحلیل ہوئی۔ گورنر اسمبلی تحلیل ہونے کے 90 دن کے اندر الیکشن کے انعقاد کی تاریخ دینے کا پابند ہے۔

مراسلے میں مزید کہا گیا ہے کہ پنجاب اسمبلی کے 90 روز 14 جنوری سے شروع ہوتے ہیں۔ اس لیے پنجاب اسمبلی کیلئے 13 اپریل کے بعد پولنگ کی تاریخ نہیں رکھی جاسکتی۔ اسی طرح کے پی اسمبلی کے 90 روز 18 جنوری سے شروع ہوتے ہیں۔ کے پی اسمبلی کے لئے 17 اپریل کے بعد پولنگ کی تاریخ نہیں رکھی جا سکتی۔

الیکشن کمیشن نے اپنے مراسلے میں کہا ہے کہ الیکشن کمیشن کو انتخابی پروگرام مکمل کرنے کے لئے 54 دن درکار ہیں۔ اس لیے گورنر پنجاب کو تجویز ہے کہ 9 سے 13 اپریل کے درمیان پولنگ ڈیٹ مقرر کی جائے۔

الیکشن کمیشن نے گورنر کے پی  کو 15 سے17 اپریل کے درمیان کے پی میں انتخابات کی تاریخ مقرر کرنے کی تجویز دی ہے۔