تین جڑواں بھائیوں کا ایک ہی میڈیکل کالج میں اکٹھا داخلہ، نیا ریکارڈ قائم

تین جڑواں بھائیوں کا ایک ہی میڈیکل کالج میں اکٹھا داخلہ، نیا ریکارڈ قائم

ایک نیوز : کنگ ایڈورڈ میڈیکل کالج یونیورسٹی  ساہیوال میں  تین جڑواں بھائیوں نے میڈیکل پارٹ ون میں ایک ساتھ داخلہ لے کر نیا ریکارڈ قائم کردیا  ہے۔ 
رپورٹ کے مطابق یونیورسٹی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ یہ پہلی بار ہوا ہے کہ ایک ہی تاریخ کو پیدا ہونے والے تین بھائیوں نے تعلیمی امتحانات ایک ساتھ پاس کیا اور اکٹھے میڈیکل کی تعلیم حاصل کرنے کے لیے داخلہ لیا ہے۔ان تینوں بھائیوں کا ایک چھوٹا بھائی بھی ہے جو نویں کلاس میں پڑھتا ہے اور ان کے والد اور والدہ بھی ڈاکٹر ہیں۔
بھائیوں کے نام ثنان خان نیازی،ریان خان نیازی اور حمدان خان نیازی ہیں اور ان کی تاریخ پیدائش دو اگست 2004 ہے۔ریان خان نیازی نے نجی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے  کہا کہ یہ ایک بڑا چیلنج تھا۔ ہم تینوں بھائی ایک ساتھ پرائیویٹ سکول میں ابتدائی تعلیم حاصل کی  اور  ڈی پی ایس کالج ساہیوال میں زیر تعلیم رہے وہاں سے ایف ایس سی میں میرٹ کے مطابق نمبرز حاصل کیے، پھر میڈیکل کالجز میں داخلے کے لیے انٹری ٹیسٹ بھی پاس کیا اور میرٹ پر آئے۔‘حمدان خان نیازی کا کہنا تھا کہ انہوں نے یہ کامیابی والدین کی مدد سے حاصل کی ہے جس میں اساتذہ کا بھی نمایاں کردار رہا ہے۔
واضع رہے کہ لاہور میں میڈیکل اور ڈینٹل کالجوں میں داخلے کے لیے ایم ڈی کیٹ کا امتحان یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کے زیر اہتمام گذشتہ ماہ دسمبر میں ہوا تھا۔ امتحان پنجاب کے آٹھ شہروں میں قائم کردہ 25 مراکز میں لیا گیا تھا۔جن میں سے 83 ہزار سے زائد امیدوار شریک ہوئے۔ لاہور میں 28 ہزار، ملتان میں 18 ہزار، گجرانوالہ میں سات ہزار اور بہاولپورمیں ساڑھے چھ ہزار امیدوار امتحان میں بیٹھے تھے ۔فیصل آباد میں 12 ہزار، ساہیوال میں چار ہزار، سیالکوٹ اور ڈی جی خان میں ساڑھے تین، تین ہزار امیدواروں نے امتحان دیاجبکہ ایم ڈی کیٹ کے انعقاد کے لیے چھ ہزار سے زائد افراد پر مشتمل نگران عملہ مقرر کیا گیا تھا۔
ایم ڈی کیٹ امتحان 200 معروضی سوالات پر مشتمل ہوتا ہے۔ ایم بی بی ایس میں داخلے کے لیے ایم ڈی کیٹ امتحان میں کم از کم 55 فیصد (110/200) نمبر لانا لازمی ہے جبکہ بی ڈی ایس میں داخلے کے لیے ایم ڈی کیٹ میں کم از کم 45 فیصد (90/200) نمبر لانا لازمی ہے۔