ایک نیوز: بنگلہ دیش میں شپنگ کنٹینرز میں چھپ کر آنکھ مچولی کھیلنے والا لڑکا ملائشیا پہنچ گیا۔
رپورٹ کے مطابق بنگلہ دیش کی بندر گاہ چٹاگانگ میں کھیل کے دوران مذکورہ بالا لڑکا ایک کنٹینر میں چھپا ہوا تھا اس دوران کنٹینر جہاز پر لاد دیا گیا۔ لڑکے کی خوش قسمتی یہ رہی کہ وہ چھ روز تک کنٹینر میں مقفل رہنے کے باوجود زندہ بچ گیا۔
17 جنوری کو یہ کنٹینر ایک بنگلہ دیشی جہاز سے جنوب مشرقی ایشیائی ملک ملائیشیا کی بندر گاہ کلانگ پر ان لوڈ کیا گیا تو وہاں موجود ملائیشیائی عملہ لڑکے کو متعدد مقفل کنٹینرز میں سے ایک میں دیکھ کر حیران رہ گیا۔لڑکا مقامی زبان نہیں جانتا تھا جس کی وجہ سے حکام کوئی معلومات نہیں لے پائے حکام کو شک ہوا کہ یہ انسانی اسمگلنگ کے جرائم کا شکار ہے۔ جس پر انہوں نے پولیس کو طلب کرلیا۔
بعد میں معلوم ہوا کہ لڑکا اپنے دوستوں کے ساتھ چٹاگانگ کی بندر گاہ کے قریب آنکھ مچولی کھیلنے کے دوران کنٹینر میں چھپا تھا لیکن وہ اندر جاکر اس میں لاک ہوگیا اور چھ روز بند رہنے کے بعد ملائیشیا پہنچ گیا۔اسے باہر نکالنے کے موقع پر پورٹ ورکرز نے جو تصاویر اور ویڈیوز بنائی اس میں لڑکا انتہائی کمزور اور لاغر حالت اور اجنبی ماحول میں پریشان نظر آرہاتھا۔ جس کے بعد ایمبولینس میں لڑکے کو مقامی ہسپتال منتقل کیا گیا۔ بنگلہ دیشی لڑکے کی پہچان فہیم کے نام سے ہو ئی ہے۔ لڑکے نے ملائیشین حکام کو بتایا کہ وہ کھیل کے دوران کنٹینر میں سوگیا تھا۔ جاگنے کے بعد خوف اور پریشانی میں وہ کافی چیخا اور رویا بھی لیکن کوئی اس کی مدد کو نہ آیا اور وہ اگلے چھ روز کنٹینر میں بند رہا اور 2 ہزار میل دور ملائیشیا پہنچ گیا۔