ایک نیوز: یونان کے نامور ٹینس سٹار ا سٹیفانوس سیٹسیپاس اور روسی ٹینس سٹار کیرن خچانوف فتوحات کے سلسلے کو جاری رکھتے ہوئے آسٹریلین اوپن مینز سنگلز ایونٹ کے سیمی فائنل میں پہنچ گئےہیں ۔
رپورٹ کے مطابق آسٹریلین اوپن ٹینس ٹورنامنٹ کے دلچسپ مقابلے آسٹریلیا کے شہر میلبورن میں جاری ہیں ۔ سٹیفانوس سیٹسیپاس نے جیری لیچیکا اور کیرن خچانوف نے سیباسٹین کورڈا کو کوارٹر فائنل میں شکست دی ۔کوارٹر فائنل میچ میں یونان کے نامور ٹینس سٹار سٹیفانوس سیٹسیپاس نے عمدہ کھیل پیش کرتے ہوئے جیری لیچیکاکو 3-6، 6-7(2-7) اور 4-6 سے ہرا کر میگا ایونٹ کے سیمی فائنل کے لئے کوالیفائی کیا ۔
ایک اور میچ میں ٹینس سٹار کیرن خچانوف نے بھی کوارٹر فائنل میں جگہ بنا لی ، انہوں نے کوارٹر فائنل میچ میں حریف امریکی کھلاڑی سیباسٹین کورڈا کے میچ کے دوران فٹنس مسائل کے باعث دستبردار ہونےکےبعد ٹاپ فور کے لئے کوالیفائی کرلیا ہے۔ کیرن خچانوف کو ابتدائی دو سیٹس میں 6-7(5-7) اور 3-6 سے برتری حاصل تھی ، تیسرے سیٹ میں ان کو امریکی کھلاڑی کے خلاف 0-3 کی برتری تھی کہ حریف کھلاڑی مقابلے سے دستبردار ہوگئے ۔
سربیا کے بین الاقوامی شہرت یافتہ ٹینس سٹار اور 9بار کے آسٹریلین اوپن چیمپئن نوویک جوکووچ اپنی فتوحات کے سلسلے کو جاری رکھتے ہوئے آسٹریلین اوپن مینز سنگلز ایونٹ کے کوارٹر فائنل میں پہنچ گئے ۔
رپورٹ کے مطابق سربین ٹینس سٹار کو دسویں مرتبہ آسٹریلین اوپن کا ٹائٹل جیتنے کے لئے مزید تین فتوحات کی ضرورت ہے۔ نوویک جوکووچ نے پری کوارٹر فائنل میچ میں الیکس ڈی مینور کوہرا کر میگا ایونٹ سے باہر کر دیا ۔
مردوں کے سنگلز مقابلوں کے چوتھے راؤنڈ میں نوویک جوکووچ نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے میزبان حریف ٹینس کھلاڑی الیکس ڈی مینور کو سٹریٹ سیٹس میں 2-6، 1-6 اور 2-6 سے شکست دے کر کوارٹر فائنل کے لئے کوالیفائی کیا۔ نوویک جوکووچ 13ویں بار آسٹریلین اوپن کے کوارٹر فائنل میں پہنچے ہیں اور میگا ایونٹ کے مینز سنگلز کوارٹر فائنل میچ میں ان کا مقابلہ روسی ٹینس سٹار آندرے روبلوف سے ہوگا۔