ویب ڈیسک:رواں سال کی دوسری انسدادپولیو مہم کاآغاز کل سے ہوگا،4کروڑ سے زائد بچوں کو پولیو سے بچائو کیلئے قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیاگیا۔
3 مارچ تک جاری رہنے والی مذکورہ مہم کیلیے تربیت یافتہ پولیو ورکرز کی ٹیمیں تشکیل دیدی گئی ہیں جو گھر گھر جاکر 5 سال تک کی عمر کے چار کروڑ سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائیں گی۔
اس دوران بچوں کی قوت مدافعت میں اضافے کے لیے وٹامن A کی اضافی خوراک بھی دی جائے گی۔ وزارت صحت کے مطابق خیبر پختونخوا کے 33 اضلاع کے علاوہ ملک بھر میں یہ مہم چلائی جائے گی۔
کراچی اور حیدرآباد سمیت سندھ کے مختلف اضلاع میں1 کروڑ 60لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو ویکسین پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے ۔ پنجاب میں 2کروڑ 30لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے۔
بلوچستان کے مختلف اضلاع میں 26لاکھ 55ہزارجبکہ اسلام آباد، آزادکشمیر اورگلگت بلتستان میں14لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے دیے جائیں گے۔