ایک نیوز :خیبر پختونخوا اسمبلی کا اجلاس 28 فروری کو دن گیارہ بجے طلب کرلیا گیا۔تحریک انصاف کے مقابلے میں اپوزیشن نے بھی وزیر اعلیٰ کا امیدوار لانے کا اعلان کردیا ہے ۔
تفصیلات کے مطابق کے پی اسمبلی کا اجلاس گورنر خیبر پختونخوا نےطلب کیا ہے، گورنر نے نگراں وزیراعلیٰ کی بھیجی گئی سمری پر دستخط کردئیے۔خیبر پختونخوا اسمبلی کے اجلاس میں نومنتخب اراکین اسمبلی حلف اٹھائیں گے، اسپیکر کے پی اسمبلی مشتاق غنی نومنتخب اراکین سےحلف لیں گے۔
دوسری جانب خیبر پختونخوا اسمبلی میں مسلم لیگ ن کے ٹکٹ پر خواتین کی نشست پر نامزد رکن اسمبلی صوبیہ شاہد نے کہا ہے کہ کے پی اسمبلی میں اپوزیشن جماعتیں مل کر وزیراعلیٰ کا متفقہ امیدوار لائیں گی۔صوبیہ شاہد کے مطابق اسمبلی میں اپوزیشن جماعتیں اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کے امیدواران بھی کھڑے کریں گی۔
رہنما مسلم لیگ ن کا کہنا تھا وزیراعلیٰ، اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کی ناموں کا اعلان اپوزیشن جماعتوں کے اجلاس میں کیا جائے گا۔نو منتخب رکن اسمبلی صوبیہ شاہد کہتی ہے کہ اسمبلی میں ن لیگ کے 9 نمائندگان عوام اور صوبے کے حقوق کے لیے بھرپور جنگ لڑیں گے۔
دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف نے آزاد حیثیت میں الیکشن جیتنے والے علی امین گنڈا پور کو وزیراعلیٰ کا امیدوار نامزد کیا ہے۔