ویب ڈیسک : پاکستان کی معروف گلوکارہ آئمہ بیگ نے اداکار شہباز شگری سے منگنی ٹوٹنے کی وجہ بتاتے ہوئے کہا ہے کہ یہ فیصلہ میرا اپنا تھا۔
تفصیلات کےمطابق آئمہ بیگ نے معروف کامیڈین اداکار و میزبان احمد علی بٹ کے پوڈ کاسٹ گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ہمارے درمیان پہلے سے ہی بہت سے مسائل چل رہے تھے جو لوگ نہیں جانتے ہیں اور میں بھی اس کی تفصیلات میں نہیں جانا چاہتی کیونکہ ان میں کچھ لوگ شامل تھے اور میں اب ان لوگوں کو بےنقاب نہیں کرنا چاہتی۔
آئمہ بیگ نے کہا کہ شادی دو لوگوں کے درمیان نہیں بلکہ دو خاندانوں کے درمیان ہوتی ہے اور ہم دونوں کے خاندان بہت اچھے تھے، ان کے درمیان مسائل نہیں تھے لیکن ہم دونوں (آئمہ بیگ اور شہباز شگری) کے درمیان بہت سی چیزیں چل رہی تھیں، اس لیے منگنی توڑنے کا ہمارا باہمی فیصلہ تھا لیکن یہ بنیادی طور پر میرا فیصلہ تھا۔
گلوکارہ نے کہا کہ ہمارے درمیان چیزیں ٹھیک ہی نہیں ہورہی تھیں، اسی لیے میں نے رشتہ ختم کرنا بہتر سمجھا اور جب میں نے سوشل میڈیا پر اس کا اعلان کیا تو لوگوں نے مجھے غلط سمجھا، اس رشتے کے دوسرے شخص (شہباز شگری) کو کسی نے کچھ نہیں کہا اور صرف مجھے بُرا بھلا کہا۔