ایک نیوز :سرکاری ملازمین کو تنخواہوں اور پنشن کی عدم ادائیگی کے حوالے سے سوشل میڈیا پر چلنے والی خبروں پر وزیرخزانہ اسحاق ڈار کا رد عمل بھی سامنے آگیا۔
تفصیلات کےمطابق سماجی روابط کی ویب سائٹ ٹوئٹر پروزیرخزانہ اسحاق ڈار نے کہا کہ فیک نیوزدینا اورانہیں پھیلانا قومی معاشی مفادات کیلئے ضرررساں ہے، متعلقہ وزارت سے تصدیق کئے بغیراس طرح کی رپورٹس اورخبریں دینے سے گریز کرنا چاہیے۔ساتھ ہی وزیرخزانہ نے فنانس ڈویژن کی طرف سے جاری کردہ پریس ریلیز کی بھی تصویر شیئر کی ۔
فنانس ڈویژن کی جانب سے جاری اعلامیے میں مذکورہ خبر کو مسترد کرتے ہوئے کہا گیا کہ یہ قیاس آرائیاں زیر گردش ہیں کہ حکومت نے تنخواہوں، پنشن وغیرہ کی ادائیگی روکنے کی ہدایت کی ہے، یہ سراسر غلط ہے کیونکہ فنانس ڈویژن کی جانب سے ایسی کوئی ہدایات جاری نہیں کی گئیں۔اس حوالے سے کہا گیا کہ اکاؤنٹنٹ جنرل آف پاکستان نے تصدیق کی ہے کہ تنخواہوں اور پنشن کے عمل کا آغاز کردیا گیا ہے اور اسے بروقت ادا کیا جائے گا۔پریس ریلیز میں مزید کہا گیا کہ دیگر ادائیگیاں بھی اپنے معمول کے مطابق کردی جائیں گی۔
Fake news and spreading the same cause harm to the national economic interests.
— Ishaq Dar (@MIshaqDar50) February 25, 2023
Kindly refrain from circulating such reports/news without verifying same from the concerned ministry! pic.twitter.com/crimzY44b4
یہ پیشرفت ایک ایسے موقع پر سامنے آئی ہے جب ملک کو نازک معاشی صورتحال کا سامنا ہے جہاں حکومت ٹیکس اقدامات کے نفاذ اور بین الاقوامی مالیاتی فنڈ کے ساتھ معاہدے تک پہنچنے کے لیے وقت کی کمی کا سامنا ہے کیونکہ ملک کے زرمبادلہ کے ذخائر تقریباً 3 ارب ڈالر کی سطح پر آ گئے ہیں جو ماہرین کا خیال ہے کہ صرف 16 یا 17 دنوں کی درآمدات کے لیے کافی ہیں۔