ایک نیوز : پاکستان کرکٹ بورڈ نے پاکستان سپر لیگ 8 کے لاہور میں ہونیوالے میچز کراچی منتقل کرنے کا فیصلہ کرلیا۔ پی سی بی نے نگراں حکومت پنجاب کو پیغام پہنچادیا۔
ذرائع پی سی بی کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ نے نگراں پنجاب حکومت کو پیغام پہنچادیا ہے کہ سکیورٹی و دیگر اخراجات کی مد میں مانگے گئے 25 کروڑ ادا نہیں کئے جائیں گے۔
پی سی بی کے اجلاس میں نگران حکومت کو 25کروڑ ادائیگی نہ کرنے کے موقف پر ڈٹے رہنے کا فیصلہ ہوا ۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پی سی بی سکیورٹی کی مد میں ایک پیسہ نہیں دے گا ۔سکیورٹی کی ذمہ داری سٹیٹ کی ہے ،ٹیموں کو سٹیٹ گیٹ کا درجہ حاصل ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے نگراں پنجاب حکومت کو پیغام دیا ہے کہ لاہور میں 2 میچز کے بعد پی ایس ایل میچز کراچی منتقل کردیئے جائیں گے۔
ذرائع پی سی بی کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ نے اجلاس میں اپنے مؤقف پر ڈٹے رہنے کا فیصلہ کیا ہے، منگل کو لاہور سے میچز کراچی منتقل ہوجائیں گے۔
واضح رہے کہ پاکستان سپر لیگ 8 کے ملتان میں میچز پورے ہوچکے ہیں جبکہ 26 فروری سے لاہور کا مرحلہ شروع ہونا ہے۔