ایک نیوز: اسلام آباد،بحریہ ٹاون میں نامعلوم افراد نے پولیس پر فائرنگ کر دی جس سے ہیڈ محرر تھانہ لوہی بھیر زخمی ہو گئے۔
پولیس کے مطابق نامعلوم افراد فائرنگ کر کے فرار ہو گئے،ذخمی کو ٹانگ میں گولی لگی ہے اور زخمی وحید نامی اہلکار کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ دوسری جانب بحریہ ٹاؤن سوک سینٹر کی چھت سے دو افراد نیچے گر گئے ۔سوک سنٹر کی چھت سے گر کر ایک جاں بحق دوسرا زخمی ہو گیا ہے۔ پولیس کے مطابق دونوں افراد مبینہ نشے کی حالت میں تھے۔پولیس نے زخمی کو ہسپتال منتقل کر دیا ہے۔
واضح رہے کہ اسلام آباد کے علاقہ جی نائن ون میں مبینہ ڈاکوؤں نے پولیس اہلکاروں پر فائرنگ کر دی تھی جس کے نتیجے میں ایک پولیس اہلکار شدید زخمی ہو گیا تھا۔ ترجمان اسلام آباد پولیس کا کہنا تھاکہ 3 ڈاکو سیکٹر جی ٹین میں واردات کے بعد فرار ہورہے تھے جس کی اطلاع ملنے پر پولیس کی بھاری نفری نے ڈاکوؤں کا تعاقب کیا تو ڈاکوؤں نے پولیس اہلکاروں پر اندھا دھند فائرنگ کردی تھی۔ ڈاکوؤں کی فائرنگ سے ایک پولیس اہلکار زخمی جب کہ پولیس کی جوابی فائرنگ سے ایک ڈاکو ہلاک ہو گیا تھا۔اس کے دو ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے تھے۔
اسلام آباد میں آئی جے پی روڈ پر بھی ایک اور پولیس مقابلہ بھی دیکھنے میں آیا تھا۔جس میں پولیس نے واقع کا مقدمہ انگین نوعیت کی دفعات کے تحت درج کر لیا تھا۔ راہزنی کی واردات کے دوران ڈاکووں نے پولیس پارٹی پر فائرنگ کی تھی۔ مقدمے کے متن میں کہا گیا تھاکہ جوابی فائرنگ میں ایک ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار ہو گیا تھا۔ زخمی ڈاکو کی شناخت ابرار کے نام سے ہوئی تھی۔ سبزی منڈی پولیس نے ڈاکووں کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے۔ گرفتار ڈاکو نے دوران تفتیش اپنے ساتھی علی کے متعلق بھی آگاہ کر دیا ہے۔ زخمی ڈاکو کو علاج معالجہ کے لیے پمز اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔