ایک نیوز: پاکستان سپر لیگ کی ٹیم اسلام آباد یونائیٹڈ کے وکٹ کیپر بلے بازاعظم خان کا کہنا ہے کہ خالی پیٹ گراؤنڈ میں آیا تھا اور گراؤنڈ میں سب کچھ کھا لیا۔
رپورٹ کے مطابق اعظم خان نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے خلاف 8 چھکوں اور 9 چوکوں کی مدد سے 42 گیندوں پر 97 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔ اعظم خان نے کہا کہ سنچری کا افسوس ہے جس پر شارٹ درکار تھا وہی بال مس ہوگئی۔ والد سے ملا تو انہوں نے تعریف کی اور کارکردگی کو برقرار رکھنے کی تلقین کی۔
اعظم خان نے مزید کہا کہ گزشتہ سیزن کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے اسپنر کے خلاف جارحانہ انداز سے کھیلا تھا اور اس بار کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے فاسٹ بولرز کے خلاف اچھا کھیلا ہوں۔ میں تکنیک کے بجائے مائنڈ سیٹ پر یقین کرتا ہوں۔
اعظم خان کا کہنا تھا کہ شارٹ آف دا ٹورنامنٹ کیلئے پریکٹس کرنا پڑتی ہے، اچھے شارٹ کبھی کبھی لگ جاتے ہیں۔ اپنی کارکردگی سے کبھی بھی مطمئن نہیں ہونا چاہیے، جب رنز بناتے ہیں تو رنز کی بھوک اور بڑھ جانی چاہیے۔ ابھی کیرئیر کے ابتدائی مراحل میں ہوں، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی وجہ سے میرا کیرئیر شروع ہوا، مجھے اسلام آباد یونائیٹڈ میں لانے میں شاداب کا بڑا کردار رہا ہے۔
پاکستان میں سابق کرکٹر کا بیٹا ہونا آپ کیلئے بڑی مشکل بن جاتا ہے لیکن والد نے پہلے ہی بتا دیا تھا کہ تنقید ہوگی لیکن فوکس کارکردگی پر رکھنا ہے۔ میرے رول ماڈل میرے والد ہی ہیں۔ آج کی اننگز اپنی والدہ کے نام کروں گا، والدہ میچ دیکھنے آئی ہوئی تھیں، جب والد اور والدہ میچ دیکھنے آئے ہوں تو پریشر ہوتا ہے۔