ویب ڈیسک: کوئٹہ کے نواحی علاقے مغربی بائی پاس میں گیس پائپ لائن کو دھماکا خیز مواد سے اڑا دیا گیا ، جس کے باعث بلوچستان کے مختلف علاقوں میں گیس کی سپلائی معطل ہوگئی ،شہریوں مشکلات کاسامنا ہے۔
پولیس کے مطابق واقعہ بروری تھانے کی حدود میں مغربی بائی پاس پر پیش آیا جہاں ایک پل کے نیچے سے گزرنے ہونیوالی 18 انچ قطر کی گیس پائپ لائن میں آگ بھڑک اٹھی آتشزدگی کی وجہ سے آگ کے اونچے شعلے اٹھنے لگے۔
اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور فائر برگیڈ کے عملے کو طلب کرلیا، ایک گھنٹے کی محنت کے بعد دو فائر ٹینڈر نے لگی آگ پر قابو پالیا۔
ایس ایچ او بروری محمود خروٹی نے بتایا کہ ابتدائی تحقیقات کے مطابق آگ تخریب کاری کی وجہ سے لگی ہے، گیس پائپ لائن کو دھماکا خیز مواد کے ذریعے اڑایا گیا ہے واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔
دوسری جانب سوئی سدرن گیس کمپنی حکام کا کہنا ہےکہ مغربی بائی پاس پر 18 انچ قطر کی مین گیس سپلائی پائپ لائن متاثر ہوئی ہے جس کی وجہ سے کوئٹہ سمیت بلوچستان کے مختلف علاقوں میں گیس کی فراہمی معطل ہوگئی۔
جس کی وجہ سے بالائی بلوچستان کے علاقوں کچلاک، زیارت، بوستان، یارو، کربلا، ہرمزئی اور پشین اور کوئٹہ شہر کے علاقے بشمول ایئرپورٹ روڈ، نواکلی، جناح ٹاؤن، خائزی، اے ون سٹی اور ہزار گنجی کے علاقے متاثر ہوئے ہیں۔
حکام کاکہنا ہے کہ سوئی سدرن کی انتظامیہ صورتحال کا بغور جائزہ لے کر مرمتی کام کو جلد از جلد مکمل کرنے کی کوشش کرے گی اور اس بارے میں اپنے صارفین کو جلد مطلع کیا جائے گا، اس ہونے والی تکلیف پر ادارہ اپنے صارفین سے معذرت خواہ ہے۔
کوئٹہ : گیس پائپ لائن میں دھماکا ، گیس کی سپلائی معطل
Dec 25, 2024 | 20:00 PM