ایک نیوز: آرمی چیف جنرل عاصم منیرنےبانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ قائداعظم کی بصیرت افروز قیادت سے پاکستان قائم ہوا۔
آرمی چیف کا کہنا تھا کہ ایمان، اتحاد اور تنظیم کے اصولوں پر مضبوطی سے عمل پیرا ہونے کی بدولت پاکستان کا قیام ممکن ہوا،قائد کے اصول قوم کی تعمیر کے لیے ابدی راہنمائی بھی فراہم کرتے ہیں۔
آرمی چیف جنرل عاصم منیر کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کو قائد کے اصولوں کے مطابق پرامن خوشحال قوم بنانے کا اجتماعی عزم کریں، قائداعظم آزادی، مساوات اور مذہبی رواداری کے نظریات غیر متزلزل تھے ، قائد کا عزم آج بھی قوم کو جدید چیلنجز سے نمٹنے کے لئے رہنمائی فراہم کرتا ہے۔
اس سے قبل چیف آف آرمی سٹاف جنرل سید عاصم منیر نے راولپنڈی میں سینٹ جوزف کیتھولک کیتھڈرل چرچ راولپنڈی میں کرسمس کی تقریب میں شرکت کی۔
آرمی چیف نے مسیحی برادری کے ساتھ کرسمس تقریب میں یکجہتی اور ہم آہنگی کے جذبے کا اظہار کیا، مسیحی برادری نے چرچ آمد پر آرمی چیف کا پرتپاک استقبال کیا ، آرمی چیف نے ملک بھر کی مسیحی برادری کو دلی مبارکباد پیش کی۔
آرمی چیف کا کہنا تھا کہ کرسمس محبت، ہمدردی، سخاوت اور خیرسگالی جیسے آفاقی اصولوں کی علامت ہے،محبت اورہمدردی پاکستان کے متنوع معاشرے کو مضبوط بناتے ہیں، آرمی چیف نے اقلیتوں خاص طور پر مسیحی برادری کی پاکستان کیلئے شاندار خدمات کو سراہا۔