ایک نیوز: بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کا یوم پیدائش آج روایتی جوش و جذبے کیساتھ منایا جا رہا ہے ۔
قائداعظم محمد علی جناح کے یوم ولادت پر آج ملک بھر میں عام تعطیل ہے، سرکاری اور غیرسرکاری ادارے خصوصی تقریبات کا انعقاد کریں گے،قائداعظم کے یوم پیدائش پر لاہورسمیت ملک بھر میں خصوصی تقریبات منعقد کی جائیں گی۔
اس موقع پر دن کا آغاز وفاق اور صوبائی دارالحکومت میں توپوں کی سلامی سے کیا گیا، بانی پاکستان محمد علی جناح کے یوم پیدائش پر گارڈز کی تبدیلی کی تقریب مزار قائد پر منعقد ہوئی اور پاکستان ملٹری اکیڈمی کاکول کے چاق چوبند دستے نےمزار قائد پر گارڈز کے فرائض سنبھالے جبکہ پاک فضائیہ کے جوانوں نے مزار قائد پر گارڈز کے فرائض سرانجام دیئے۔
بابائے قوم کے یوم پیدائش کے موقع پر گورنر پنجاب ،وزیراعلیٰ پنجاب ، صوبائی کابینہ سمیت دیگر اعلیٰ و سول فوجی حکام اور اہم شخصیات نے قائد بارے اپنے پیغامات جاری کیے،یہ شخصیات قائد اعظم کی خدمات پر ان کو خراج عقیدت پیش کریں گی۔
دوسری جانب پاک فوج کے چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی، سروسز چیفس نے بابائے قوم کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ افواج پاکستان قائداعظم کے وژن اور بے مثال قیادت کو خراج تحسین پیش کرتی ہے، بانی پاکستان کی انتھک جدوجہد نے ہمارے عوام کو متحد کیا ہوا ہے۔
آئی ایس پی آرکے مطابق قائد اعظم محمد علی جناح نے خودمختار اور آزاد پاکستان کی بنیاد رکھی ، قائداعظم کے اتحاد، ایمان اور نظم و ضبط کے اصولوں کیلئے غیر متزلزل وابستگی کا اعادہ کرتے ہیں ۔