ایک نیوز :پیپلزپارٹی کے رہنما سید خورشید شاہ کاکہنا ہے کہ ہم انتخابات میں عوام کو سرپرائزدیں گے۔ لیول پلیئنگ فیلڈ ملے یا نہ ملے جو فیلڈ ملی ہے اسی پر کھیلیں گے۔
پیپلزپارٹی کے مرکزی رہنما و سابق وفاقی وزیر سید خورشید احمد شاہ کاکاغذات نامزدگی کی اسکروٹنی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ لیول پلیئنگ فیلڈ کے حوالے سے قیادت نے جو بات ریکارڈ کرانی تھی وہ کراچکی ہے، ہم صرف وقت پر انتخابات چاہتے ہیں، ہمیں امید ہے کہ انتخابات مقررہ وقت پر ہوں گے، ملک میں عدلیہ اور دیگر ادارے موجود ہیں اور 8 فروری کی تاریخ توخود عدلیہ نے دی ہے۔
خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ ملک میں الیکشن ہوں گے تو سیکیورٹی کا مسئلہ خود بخود حل ہوجائے گا، پاک فوج کو الیکشن میں ہونا چاہیئے، فوج ہوگی تو امن و امان ہوگا اور دھاندلی نہیں ہوگی، پاک فوج وہ ادارہ ہے جس پر پوری قوم کا اعتماد ہے۔
سابق وزیر خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ ملک میں ماحول کسی ایک پارٹی کے حق میں نہیں ہے کسی جماعت کو سادہ اکثریت حاصل نہیں ہوگی، ملک میں اب اتحادوں سے ہی حکومت بنے گی، پیپلزپارٹی تو پہلے سے کہتی آرہی ہے کہ ہمیں مل کر پاکستان کو بچانا ہے، ہمیں پرامید ہونا چاہیئے کہ الیکشن وقت پر ہوں گے۔
خورشید شا ہ کا مزید کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی کے علاوہ دیگر جماعتوں کی تو صرف ڈرائنگ روم سٹنگ چل رہی ہے، یہ میڈیا کی ان جماعتوں پرمہربانی ہے کہ ان کی ڈرائنگ روم سیاست کو کوریج دے رہی ہے، اگر میڈیا ان کا بائیکاٹ کردے تو وہ شاید میڈیا پر بھی نظر نہ آئیں، کسی بھی جماعت سے پیپلزپارٹی کا اتحاد وقت اور حالات پر منحصر کرے گا، پیپلزپارٹی کی لیڈر شپ پاکستان اور سسٹم کو بچانے کے لیے کام کررہی ہے۔