ایک نیوز:عام انتخابات کی تیاریاں جاری،جنرل نشستوں پر کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کا عمل شروع ہوگیا۔
تفصیلات کے مطابق این اے 118، این اے 121، پی پی 155، 157، 162 کے امیدواروں کے کاغذات کی جانچ پڑتال ریٹرنگ آفیسرز کے آفس میں جاری ہے جبکہ این اے 118 سے کل 19 امیدوار جن میں سترہ مرد اور دو خواتین امیدوار کے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال شروع ہوگئی ہے۔
این اے 121 سے کل 38 امیدواروں میں 35 مرد اور تین خواتین امیداوراوں کے کاغذات کی جانچ پڑتال کی جا رہی ہے اور قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 121 سے مسلم لیگ ن کے رہنماء شیخ روحیل اصغر،تحریک انصاف کے رضوان ضیا، سمیت دیگر کے کاغذات کی جانچ پڑتال مکمل کرلی گئی ہے جبکہ این اے 118 سے پی ٹی آئی رہنماء محمد خان مدنی، وسیم قادر ،،پاکستان مرکزی مسلم لیگ کے ملک اعجاز سمیت دیگر امیدواروں کے کاغذات کی جانچ پڑتال مکمل کرلی گئی ہے۔
این اے 118 سے حمزہ شہباز اور این اے 121 سے سردار ایاز صادق دوپہر تین بجے کے بعد اپنے کاغذات کی جانچ پڑتال کروائیں گے جبکہ پی پی 155 سے پیپلز پارٹی کے ذولفقار علی بدر، مرکزی مسلم لیگ کے حافظ طلحہ سعید ،مسلم لیگ ن کے حاجی اللہ رکھا سمیت دیگر امیدواروں کے کاغذات کی جانچ پڑتال مکمل کرلیے گئے ہیں۔
امیدواروں کے کاغذات کی جانچ پڑتال کا سلسلہ آج ساڑھے 4 بجے تک جاری رہے گا۔