پاکستان تحریک انصاف خواتین کی مخصوص نشستوں سےبھی محروم

پاکستان تحریک انصاف خواتین کی مخصوص نشستوں سےبھی محروم
کیپشن: تحریک انصاف خواتین کی مخصوص نشستوں سےبھی محروم

ویب ڈیسک:پاکستان تحریک انصاف کے انٹرا پارٹی الیکشن کالا عدم قرار دیے جانے کے بعد اب پارٹی کو ایک بڑا دھچکہ پہنچا ہے الیکشن کمیشن آف پاکستان نے اس کا نام ان جماعتوں کی فہرست سے نکال دیا ہے جنہیں مخصوص نشستیں ملنی ہیں۔

تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن نے ان 8 جماعتوں کی فہرست جاری کی ہے جنہوں نے مخصوص نشستوں کے لیے امیدواروں کی ترجیحی فہرستیں جمع کرائی ہیں۔

جن جماعتوں کے نام جاری کیے گئے ہیں ان میں پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرینز، پاکستان مسلم لیگ نون، تحریک لبیک پاکستان، جماعت اسلامی، پاکستان مسلم لیگ ق، استحکام پاکستان پارٹی، پاکستان تحریک انصاف نظریاتی اور پاکستان مرکزی مسلم لیگ شامل ہیں۔

ان جماعتوں کی خواتین کیلئے مخصوص نشستوں کی امیدواروں کی سپروٹنی 26 سے 28 دسمبر کے درمیان ہوگی۔ عمران خان کی پاکستان تحریک انصاف کا نام ان جماعتوں میں شامل نہیں۔

چونکہ تحریک انصاف کے انٹرا پارٹی الیکشن کا لدم قرار دے دیے گئے ہیں لہذا اس کی جانب سے مرتب کردہ ترجیحی نشستوں کی فہرست قابل قبول نہیں ٹھہرے گی۔ ایسی صورت میں پارٹی مخصوص نشستوں سے محروم ہو گئی ہے۔

الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ جن امیدواروں کے نام پارٹیوں کی ترجیحی فہرست میں شامل نہیں ہیں، ان کے کاغذات مسترد تصور کیے جائیں گے۔

قومی اسمبلی میں خواتین کی 60 مخصوص نشستیں ہیں۔ یہ نشستیں الیکشن جیتنے والی جماعتوں کی کو ان کی جنرل نشستوں کے اعتبار سے دی جاتی ہیں۔ یعنی جتنی زیادہ جنرل نشستیں کوئی پارٹی جیتے گی اتنی ہی زیادہ اسے خواتین کی مخصوص نشستیں ملیں گی۔

پیپلز پارٹی، مسلم لیگ نون، متحدہ قومی موومنٹ اور دیگر جماعتوں نے اپنی ترجیحی نشستیں پہلے ہی الیکشن کمیشن اف پاکستان میں جمع کرا دی ہیں۔