کاغذات نامزدگی کی سکروٹنی: الیکشن کمیشن نےآن لائن سہولتکاری سنٹر قائم کردیا

Dec 25, 2023 | 12:28 PM

ایک نیوز: الیکشن کمیشن نے امیدواروں کی کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کے لیے سہولت کاری سنٹر قائم کردیا ہے۔ 

ترجمان الیکشن کمیشن کے مطابق ریٹرننگ افسران کے لیے کاغذاتِ نامزدگی کی جانچ پڑتال کے لیے آن لائن سہولت مرکزی الیکشن کمیشن سیکریٹریٹ میں قائم کیا گیا ہے۔ سہولت مرکز کی معاونت نادرا، قومی احتساب بیورو، ایف آئی  اے، ایف  بی آر  اور اسٹیٹ بینک کر رہے ہیں۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ سہولت مرکز 24/7 کام کر رہا ہے۔ ریٹرننگ افسران کی  جانب سے موصول شدہ امیدواران کے کوائف ضروری کارروائی کے لیے ان اداروں کو بھجوائے جا رہے ہیں۔ 

الیکشن کمیشن کے مطابق سیکریٹری پاور ڈویژن ، سیکریٹری پٹرولیم ڈویژن، سیکریٹری نیشنل  ٹیلی کمیونیکیشن ڈویژن، سیکریٹری ہاؤسنگ اینڈ ورکس ڈویژن  امیدواروں کی فہرستیں حاصل کریں گے۔ چاروں چیف سیکریٹریز اور  چیئرمین سی ڈی  اے کو بھی تحریری طور پر مطلع کیا ہےکہ وہ ریٹرننگ افسران سے  امیدواران کی فہرستیں  حاصل کریں۔

امیدواروں کی فہرست کا اجراء 24 دسمبر 2023 کو کیا جا چکا ہے۔ نادہندہ امیدواران کاغذاتِ نامزدگی کی چانچ پڑتال کے دوران  25 تا 30 دسمبر  تک متعلقہ ریٹرننگ آفیسر سے رجوع کریں۔ نادہندگان سے واجبات کی وصولی یقینی بنائی جائے۔ حکومت کے تمام وفاقی ، صوبائی ادارے فوری ریٹرننگ افسران سے رابطہ کریں۔

مزیدخبریں