ایک نیوز:صدر مملکت اور نگران وزیراعظم سمیت اہم شخصیات نے قائد اعظم کے یوم پیدائش پر انہیں بھرپور خراج عقیدت پیش کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق صدر مملکت ڈاکٹر عارف نے بانی پاکستان کے یوم ولادت پر اپنے پیغام میں کہا کہ قائد اعظم کی لازوال قیادت میں برصغیر کے مسلمانوں نے اپنے لئے علیحدہ وطن حاصل کیا۔
ڈاکٹر عارف علوی کا کہنا تھا کہ قائداعظم نے پاکستان کی صورت میں ایسی ریاست کی تشکیل ممکن بنائی جہاں رنگ و نسل، مذہبی، لسانی اور کسی تفریق کے بغیر تمام شہریوں کو زندگی گزارنے اور ترقی کے یکساں مواقع حاصل ہوں۔
پاکستان سمیت دنیا بھر میں مسیحی برادری آج کرسمس کا تہوار اپنے مذہبی عقائد کے مطابق منا رہی ہے۔ اس موقع پر گرجا گھروں میں خصوصی عبادات اور دعائیہ تقریبات کا اہتمام کیا گیا ہے جہاں ملکی سلامتی، ترقی اور خوشحالی کیلیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔
کرسمس کے موقع پر صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی اور نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے مسیحی برادری کے نام پیغام میں انہیں مبارک باد پیش کی ہے۔
صدر مملکت عارف علوی نے اپنے پیغام میں کہا کہ حضرت عیسیٰ علیہ السلام کی محبت، ہمدردی اور امن کی تعلیمات ہم سب کے لیے مشعل راہ ہیں۔
صدر نے کہا کہ ہماری مسیحی برادری نے ملک کی سماجی اور اقتصادی ترقی میں نمایاں کردار ادا کیا ہے۔ مذاہب اور ثقافتوں کا تنوع پاکستان کیلیے باعث استحکام ہے اور ہم ملک میں امن ،رواداری اور ہم آہنگی کے فروغ کیلیے مسیحی برادری کی قابل ستائش خدمات کا اعتراف کرتے ہیں۔
نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ
نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا ہے کہ قائداعظم محمد علی جناح آج بھی ہم سب کیلئے مشعل راہ ہیں، آئیے آج کے دن قومی اتحاد اور ایک خوشحال اور ترقی یافتہ پاکستان کا عہد کریں۔
بانی پاکستان کے یوم پیدائش کی مناسبت سے اپنے پیغام میں انوارالحق کاکڑ کا کہنا تھا کہ قائد کے اتحاد، ایمان اور نظم و ضبط کے اصول بحیثیت قوم سب کیلئے مشعل راہ ہونے چاہئیں تاکہ ہمارا ملک وہ جمہوری ریاست بن سکے جس کا تصور بانی پاکستان نے کیا تھا۔
نگران وزیر اعظم نے قوم کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم اس موقع کو جوش، جذبے اور عقیدت کے ساتھ منا رہی ہے، قائداعظم محمد علی جناح آج بھی ہم سب کیلئے مشعل راہ ہیں، جس کی وجہ ان کا مثالی کردار اور غیر معمولی قائدانہ خصوصیات ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں انتہا پسند قوتوں کو شکست دینے، جمہوریت، پرامن بقائے باہمی اور قانون کی حکمرانی کے اصولوں کو برقرار رکھنے کیلئے اپنی صفوں میں اتحاد پیدا کرنے کی ضرورت ہے۔قائداعظم کے عزم اور غیر متزلزل قوت ارادی نے مسلمانوں کو اپنے مقصد کے حصول کیلئے اپنی جدوجہد جاری رکھنے اور عظیم مقصد کیلئے تمام مشکلات کا بہادری سے مقابلہ کرنے کا عزم دیا۔
نگران وزیراعظم نے اپنے پیغام میں کہا کہ کرسمس محبت، اخوت، برداشت اور ایثار کا نام ہے۔ گزشتہ کچھ برسوں میں عالمی سطح پر مذہبی عدم برداشت کی وجہ سے معاشرے میں بگاڑ کی صورتحال کا سامنا رہا تاہم موجودہ دور میں حضرت عیسیٰ علیہ السلام کے انسانی ہمدردی، محبت اور رواداری کے پیغام پر عمل کی ضرورت ہے۔ کرسمس کے موقع پر ہم سب مل پاکستان کو مذہبی رواداری اور بھائی چارے کی مثال بنانے کا عہد کریں۔
سابق وزیراعظم شہبازشریف
سابق وزیراعظم اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کےصدرشہبازشریف نے پاکستان سمیت دنیا بھر کے مسیحیوں کو کرسمس کی مبارک دی ہے اور مسیحیوں کے مقدس تہوار پر نیک تمناﺅں کا اظہار کیا ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ حضرت مسیح ؑ اور ان کی پاک دامن والدہ حضرت مریم ؑ مسلمانوں کے لئے بھی نہایت مقدس ہیں،حضرت مسیح ؑ کی تعلیمات انسانیت کی فلاح وہدایت کا پیغام ہے،حضرت مسیح ؑ نے دنیا کو امن وانصاف اور محبت سے بھر دیا، انسانیت کو تکالیف سے نجات دلائی۔
شہبازشریف نے مزید کہا کہ کرسمس کے موقع پر فلسطین، یوکرین ، جموں وکشمیر کے بے گناہ انسانوںکو نہ بھولیں،پاکستان کی مسیحی برادری تعمیر وطن اور دفاع وطن میں پیش پیش رہی ہے،اقلیتوں کا تحفظ اسلام اور آئین پاکستان کے بنیادی تقاضے ہیں،پاکستان مسلم لیگ (ن) نے ہمیشہ اقلیتوں کے حقوق کا تحفظ کیا، مستقبل میں بھی کرتے رہیں گے،اقلیتوں کی قومی دھارے میں نمائندگے بڑھانے اور انہیں ترقی کے یکساں مواقع دینے پر پختہ یقین رکھتے ہیں۔
آصف زرداری
سابق صدر مملکت آصف علی زرداری نے بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کے یوم ولادت کے موقع پر اہم پیغام میں کہا کہ پیپلزپارٹی قائداعظم کے فلسفے کی روح کے مطابق ملک کو جمہوری اور فلاحی ریاست بنانے پر ثابت قدم ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کا قومی ترانہ قائداعظم کے فلسفے کی عکاسی کرتا ہے جس میں طاقت کا سرچشمہ عوام کو قرار دیا گیا، بانی پاکستان جمہوریت پسند اور روشن خیال قائد تھے وہ انسانی اور مذہبی آزادی کے وکیل تھے۔
آصف علی زرداری کا مزید کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی قائداعظم کے بنائے ہوئے ملک میں اظہار رائے کی آزادی، سیاسی اور مذہبی آزادی کا دفاع کرتی رہے، ایک مخصوص سوچ مذہب کی آڑ لیکر ملک اور معاشرے پر اپنی سوچ مسلط کرنا چاہتی ہے جو قائداعظم کے فلسفے کے برعکس ہے۔
پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری
چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے پاکستان سمیت دنیا بھر کی مسیحی برادری کو کرسمس کی مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ دعاگو ہوں، کرسمس کا تہوار اور آنے والا نیا سال دنیا میں مسرتوں، خوشحالی و ہم آہنگی کا وسیلہ ثابت ہوں،زندگی کے تمام شعبوں، بالخصوص تعلیم اور صحت میں پاکستانی مسیحیوں کا کردار قابلِ تحسین ہے،ملک کی ترقی میں مسیحی برادری کی بھرپور شرکت پر قوم کے لیے باعث فخر ہے۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پیپلز پارٹی مظلوم و پسماندہ طبقات کے حقوق کے تحفظ کے لیے جدوجہد کرتی رہے گی، پیپلز پارٹی مسیحوں سمیت غیر مسلم شہریوں کے لیے یکساں حقوق کے لیے اپنا کردار نبھاتی رہے گی،پیپلز پارٹی ملک کی مسیحی برادری سمیت تمام اقلیتوں اور پسماندہ طبقات کے حقوق کے تحفظ کے ساتھ ساتھ فلاح و بہبود کے لیے پرعزم ہے،مجھے یقین ہے کہ 8 فروری کو مسیحی کمیونٹی اور اقلیتوں سمیت تمام باشعور پاکستانیوں کا پہلا اور واحد انتخاب تیر کا نشان ہوگا،مجھے یقین ہے کہ پاکستان کو ہم آہنگی و رواداری پسند معاشرہ بنانے کے لیے مسیحی کمیونٹی سمیت تمام باشعور پاکستانی میرا ساتھ دیں گے۔
مرتضیٰ سولنگی
نگران وفاقی وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی نے بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناحؒ کے یوم پیدائش پر اپنے پیغام میں کہا کہ آج پوری قوم محسن پاکستان قائداعظم کو خراج عقیدت پیش کرتی ہے، قائداعظمؒ نے برصغیر کے مسلمانوں کی آزادی اور علیحدہ خودمختار ریاست کے قیام کیلئے انتھک جدوجہد کی۔
انہوں نے کہا کہ قائداعظم نے پاکستان کی صورت میں ایسی ریاست کی تشکیل ممکن بنائی جہاں رنگ و نسل، مذہبی، لسانی اور کسی تفریق کے بغیر تمام شہریوں کو زندگی گزارنے اور ترقی کے یکساں مواقع حاصل ہوں، آپؒ نے اپنی صلاحیتوں، عزم اور غیرمعمولی کردار کی بدولت پاکستان کے خواب کو حقیقت میں بدلا۔
مرتضیٰ سولنگی کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کی ترقی و خوشحالی کے لئے ہمیں بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناحؒ کے اصولوں پر عمل درآمد کرنا ہوگا، آج کے دن ہم اس عزم کا اعادہ کرتے ہیں کہ پاکستان کو ایک عظیم اور مضبوط تر ملک بنائیں گے۔
کامران ٹیسوری
گورنر سندھ کامران ٹیسوری کا اپنے پیغام میں کہنا تھا کہ قائد اعظم محمد علی جناحؒ کی سیاسی بصیرت کی وجہ سے ہی آج ہم پاکستان میں آزادی کی سانس لے رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہم سب کو قائد کے پاکستان کو عظیم سے عظیم تر بنانے کی جدوجہد کرنی چاہئے، آج عہد کریں کہ اس ملک کو خوشحال بنانے کیلئے تمام تر صلاحیتوں کو بروئے کار لائیں گے۔
محسن نقوی
وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے اپنے پیغام میں کہا کہ مسلم دنیا کے مدبر سیاست دان اور عظیم رہنما قائداعظم محمد علی جناح ؒکو ان کے یوم پیدائش پر خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ قائداعظم ؒنے مسلمانوں کے حقوق کیلئے اپنے وژن اور انتھک جدوجہد سے تاریخ کا دھارا بدل دیا، قائداعظم ؒ نے برصغیر کے مسلمانوں میں امید جگائی، قیادت کی اور دنیا کے نقشے پر ایک آزاد مسلم ریاست کی تشکیل میں کلیدی کردار ادا کیا۔
محسن نقوی کا کہنا تھا کہ قائداعظم ؒکے عزم کے مطابق ایسا پاکستان بنانا ہے جہاں سب آزاد اور برابری کی زندگی گزار سکیں اور قانون کی پاسداری ہو، قائد اعظم ؒکو خراج عقیدت پیش کرنے کا بہترین طریقہ یہ ہے کہ ہم ان کے وژن پر عمل کریں اور اتحاد، ایمان اور نظم و ضبط کے رہنما اصولوں پر عمل کریں۔
نگران وزیراعلیٰ نے مزید کہا کہ ملکی ترقی تب ہی ممکن ہے جب ہم سب قائد اعظمؒ کی کام، کام اور کام کی تلقین پر عمل پیرا ہوں گے، قائداعظمؒ کی تعلیمات اورافکار پر عمل کر کے ہم پاکستان کو حقیقی معنوں میں فلاحی ریاست بنا سکتے ہیں۔
خورشید احمد شاہ
خورشید احمد شاہ نے مسیحی بھائیوں کو کرسمس کی مبارک باد دیتےہوئے کہا کہ پوری قوم مسیحی بھائیوں کے ساتھ ان کی خوشیوں میں شریک ہے۔امن، جمہوریت ،بھائی چارہ اور برابری ہم سب کی مشترکہ اساس ہے۔