عمران خان کو ماموں کی نماز جنازہ میں شرکت کی اجازت دی جائے،ترجمان پی ٹی آئی

عمران خان کو ماموں کی نماز جنازہ میں شرکت کی اجازت دی جائے،ترجمان پی ٹی آئی
کیپشن: عمران خان کو ماموں کی نماز جنازہ میں شرکت کی اجازت دی جائے،پی ٹی آئی

ویب ڈیسک: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے بانی جماعت عمران خان کو ان کے ماموں کی نمازِ جنازہ میں شرکت کی اجازت دینے کا مطالبہ کردیا۔

تفصیلات کے مطابق ترجمان پی ٹی آئی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ عمران خان کے ماموں جاوید زمان خان آج قضائے الہٰی سے انتقال فرما گئے ہیں، وہ زمان پارک لاہور میں اپنی رہائش گاہ پر مقیم تھے۔

بیان میں کہا گیا کہ مرحوم جاوید زمان عمران خان کے اتالیق (مُربّی) تھے، جن سے بانی پی ٹی آئی کو نہایت قریبی وابستگی تھی۔

ترجمان پی ٹی آءی کے مطابق عمران خان کے اہلِ خانہ کا کہنا ہے کہ مرحوم ماموں کی نمازِ جنازہ میں شرکت کی اجازت کا دیا جانا عمران خان کا بنیادی انسانی حق ہے۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ سائفر مقدمے میں ضمانت کی منظوری کے بعد عمران خان کو جیل میں قید رکھنے کا کوئی قانونی اور آئینی جواز نہیں۔

عمران خان کے اہل خانہ نے کہا کہ اپنے وکلاء سے مشاورت کے بعد ان کی وساطت سے عدالت سے عمران خان کی نمازِ جنازہ میں شرکت کی اجازت کی استدعا کریں گے۔