پاکستان کو نظریہ ضرورت کےفیصلوں سے نکلنے کی ضرورت ہے،سعدرفیق

Dec 25, 2022 | 16:25 PM

ایک نیوز نیوز: پاکستان مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ عمران خان اکیلا ذمہ دار نہیں، اس کو لانے والے بھی ذمہ دار ہیں۔
تفصیلات کے مطابق لاہور میں وفاقی وزیرریلوے اور ہوابازی خواجہ سعد رفیق نے تقریب سے خطاب کیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ تجربے اب نہیں ہونے چاہئیں، فیصلے لوگوں کو کرنے چاہئیں۔ کبھی مارشل لاء آجاتا ہے کبھی مارشل لاء کے مسلط کردہ لوگ آجاتے ہیں۔ کبھی نظریہ ضرورت کے فیصلے آجاتے ہیں، اس دائرے سے پاکستان کو نکالنے کی ضرورت ہے۔ 
انہوں نے کہا کہ ہم ایک دوسرے کو گندا کرکے پاکستان کو منزل تک نہیں پہنچا سکتے۔ نواز شریف کبھی بھی اپنے مخالف کا نام نہیں بگاڑتے۔ نواز شریف ادب و آداب کے دائرے میں رہتے ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ اب آپ حکومت سے باہرہیں تو حوصلہ رکھیں ، چیخیں کیوں ماررہے ہیں۔ آپ کی جہاں حکومت ہے وہاں کام کریں، لوگوں کی خدمت کریں۔ بدقسمتی سے غلطی باری باری سب نے کی۔ 75 سال بعد لوگوں کو غلطی کا احساس ہوگیا۔ ایک شخص دوبارہ یہ غلطی دہرانا چاہتا ہے۔
انہوں نے الزام عائد کیا کہ نئی جماعت پراجیکٹ عمران نے بڑا گند مچایا۔یہ غیرسنجیدہ لوگ ہیں، پھر بھی تجربہ کیاگیا، جو بری طرح ناکام رہا۔ اسمبلی نہیں ٹوٹے گی کام کرے گی۔ اب کیا سیاست سکھانا بھی ہمارا کام ہے۔ 
انہوں نے بتایاکہ آپ کے وزراء پیشگوئی کرتے تھے کہ کل فلاں پکڑا جائےگا، ہم پکڑے جاتے تھے۔ گزشتہ عام انتخابات ہم نے نہیں مانا، ہم نے دھرنے نہیں دیے۔ ہم اختلاف، تنقید اسمبلی کے فلور پر کرتے رہے۔ ہمارے نتائج تبدیل کیے گئے، پھر بھی ہم نے کوئی حساب کتاب نہیں کیا۔
انہوں نےعمران خان کو پیش کش کرتے ہوئے کہا کہ قومی اسمبلی میں واپس آؤ، وہاں آکر بات چیت اور اختلاف کرو۔ 

مزیدخبریں