کراچی: ڈکیتی مزاحمت پر پاکستانی اداکارہ کا بھائی قتل

Dec 25, 2022 | 12:03 PM

JAWAD MALIK

ایک نیوز نیوز: کراچی کے علاقے جمشید کوارٹر میں گرومندر کے قریب مطب میں قتل کیا گیا حکیم پاکستان کی معروف اداکارہ سلومی عزیز کا بھائی تھا۔

اداکارہ سلومی کے مطابق ان کے بھائی کو واردات کے دوران ڈاکوؤں نے قتل کیا جب کہ پولیس کا دعویٰ ہے کہ چند سیکنڈ میں ہوئی واردات کسی تنازع کا شاخسانہ لگتی ہے۔

اداکارہ سلومی کی جانب سے میڈیا پر بیان سامنے آیا ہے کہ ان کے بھائی عبدالوحید ہربل جڑی بوٹیوں کا کام کرتے تھے، انہیں ملزمان نے دکان میں گھس کر مزاحمت پر قتل کیا، ان کی یا بھائی کی کسی سے دشمنی نہیں جب کہ پولیس واقعہ کو دشمنی قرار  دے رہی ہے۔

سلومی کا کہنا ہے کہ کل بھائی کے سوئم کے بعد وہ بھرپور قانونی کارروائی کریں گی۔

اس کے علاوہ واقعہ کا مقدمہ الشافعی دواخانہ کے مالک اور مقتول عبدالوحید کے بھائی توحید عزیز ہاشمی نے نامعلوم ملزم کے خلاف جمشید کوارٹر تھانے میں درج کرایا ہے۔

مدعی کے مطابق فائرنگ کرنے والے دبلے پتلے نامعلوم ملزم نے پینٹ شرٹ پہن رکھی تھی۔

پولیس کے مطابق واردات جمشید کوارٹرز تھانے کی حدود میں گرومندر چوک ایدھی سینٹر کے قریب النور دوا خانہ پر  22 دسمبر کی شام ساڑھے 7 بجے ہوئی تھی۔ وقوعہ کے وقت جڑی بوٹی کا کام کرنے والے 55 سالہ عبدالوحید کو ان کی دکان میں گھس کر گولی مار دی گئی تھی۔

کلینک کے ملازم احمد کے مطابق دو لڑکے حکیم کے کلینک پر آئے اور کیش کاؤنٹر پر موجود مقتول سے گن پوائنٹ پر رقم مانگی جس پر احمد نے ملزمان پر برنی کھینچ کر ماری اور مقتول نے ایک ملزم کو پکڑنے کی کوشش کی جس پر ملزمان نے کیش کاؤنٹر پر موجود شخص کو گولی مار دی جب کہ کلینک پر موجود حکیم نور محمد محفوظ رہے۔

پولیس کے مطابق ابتدائی تفتیش کے دوران سی سی ٹی وی فوٹیج کے ذریعے یہ بات سامنے آئی ہے کہ دکان کے اندر سے کوئی چیز چھینی یا لوٹی نہیں گئی تھی۔

پولیس نے بتایا کہ ملزمان 3/4 سیکنڈ میں واردات کرکے دکان سے چلا گیا تھا۔ آس پاس کے عینی شاہدین نے تصدیق کی کہ متوفی یا اس کی دکان سے کچھ بھی لوٹا نہیں گیا ہے۔

پولیس نے واقعہ کو ذاتی دشمنی کا شاخسانہ قرار دیا تھا۔

مزیدخبریں