ایک نیوز نیوز: اے این ایف کے زیر اہتمام یوتھ ایمبیسڈر پروگرام کے تحت نوجوانوں کے لئے 2 ہفتوں پر مشتمل انٹرنشپ پروگرام کا انعقاد کیا گیا، جو اے این ایف اکیڈمی، اسلام آباد میں 12سے 23 دسمبر 2022 تک جاری رہا۔
تفصیلات کے مطابق اے این ایف انٹرنشپ پروگرام کا مقصد نوجوان نسل اور تعلیمی اداروں میں زیر تعلیم طلباء و طالبات کو منشیات کے استعمال کے خلاف آگاہی فراہم کرنے کے علاوہ ان کو معاشرے اور تعلیمی اداروں میں منشیات کے استعمال کے خلاف ایک موثرلائحہ عمل کے طور پر متحرک کرنا تھا۔
علاوہ ازیں، تربیت حاصل کرنے والے نوجوانوں کو انسداد منشیات کے سلسلے میں اے این ایف کی قومی، علاقائی اور بین الاقوامی ذمہ داریوں کے بارے میں آگاہ کیا گیا.
اے این ایف انٹرنشپ پروگرام کے تحت تربیت حاصل کرنے والوں میں ملک کے ہر علاقے وصوبوں سے تعلق رکھنے والے کالج و یونیورسٹی کے نوجوان طلباء و طالبات شامل تھے ۔
انٹرنشپ پروگرام میں شامل نوجوانوں کو دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کا تربیتی دورہ کروایا گیا ۔
نوجوان طلباء و طالبات کو وزارت انسداد منشیات کے دورے کے موقع پر وفاقی سیکرٹری برائے انسداد منشیات کی جانب سے وزارت کے قومی امور پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
اے این ایف ہیڈکوارٹرز، راولپنڈی میں منعقد ہونے والی تقریب کے دوران ڈائریکٹر جنرل اے این ایف میجر جنرل محمد انیق الرحمان ملک، ہلال امتیاز(ملٹری) نے انٹرنشپ پروگرام کے شرکاء سے فرداً فرداً بات چیت کی اور اے این ایف کے زیرِ انتظام پروگرام میں انکی والہانہ شرکت کی تعریف کی۔
تقریب کے اختتام پر انٹرنشپ پروگرام کے تحت تربیت حاصل کرنے والے نوجوان طلباء و طالبات میں اعزازی اسناد تقسیم کی گئیں.