ایک نیوز نیوز: برصغیر کے مسلمانوں کو پاکستان کی صورت میں ایک آزاد وطن دینے والے بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کی 147 ویں سالگرہ آج منائی جارہی ہے۔
اس موقع پر کراچی میں بابائے قوم کے مزار پر تعینات گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔تقریب کے مہمان خصوصی میجر جنرل عمر عزیز ہیں، مہمان خصوصی میجر جنرل عمر عزیز نے گارڈز کا معائنہ کیا، اعزازی گارڈز نے مہمان خصوصی میجر جنرل عمر عزیز کو جنرل سلام پیش کیا اور مہمانوں کی کتاب پر تاثرات بھی درج کیے۔
تقریب میں گورنرسندھ، وزیراعلیٰ اور کمشنر کراچی مزار قائد پر حاضری دیں گے جبکہ تینوں افواج کے نمائندے، ڈی جی رینجرز بھی مزار قائدپر حاضری دیں گے۔
مزار قائد پر پاکستان ملٹری کاکول کا دستہ گارڈز کے فرائض سنبھالے گا جبکہ پاک فضائیہ کےکیڈٹس گارڈ کے فرائض پاکستان آرمی کے کیڈٹس کےحوالے کریں گے۔
25دسمبر 1876 کو کراچی کے وزیر مینشن میں محمد علی جناح نے آنکھ کھولی تو کون جانتا تھا کہ یہ بچہ عظیم رہنما بن کر برصغیر کے مسلمانوں کی کشتی پار لگانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔
قائد اعظم محمد علی جناح نے ابتدائی تعلیم سندھ مدرسۃ الاسلام سے حاصل کی جبکہ میٹرک کا امتحان جامعہ بمبئی سے پاس کیا بعد ازاں اعلیٰ تعلیم کیلئے لندن روانہ ہو گئے۔
1895 میں انہوں نے لندن سے قانون کی ڈگری حاصل کر لی اور بمبئی واپس آ کر باقاعدہ طور پر وکالت کا آغاز کیا۔
1896 میں محمد علی جناح نے سیاسی زندگی کا آغاز کرتے ہوئے انڈین نیشنل کانگریس میں باقاعدہ شمولیت اختیار کر لی لیکن کچھ عرصے بعد ہی انہیں احساس ہوا کہ کانگریس صرف ہندوؤں کی نمائندہ جماعت ہے۔
1913 میں انہوں نے آل انڈیا مسلم لیگ میں شمولیت اختیار کی اور علیحدہ وطن کی باقاعدہ تحریک کا آغاز کیا، آل انڈیا مسلم لیگ میں شامل ہونے کے بعد قائد اعظم نے اپنے شب و روز مسلمانوں کے سیاسی شعور کی بیداری کیلئے وقف کر دئیے۔
بالآخر ان کی جدوجہد رنگ لائی اور 14 اگست 1947 کو برصغیر کے مسلمانوں کا علیحدہ وطن کا خواب پورا ہوا جس کا نام پاکستان رکھا گیا۔