ایک نیوز: فاطمہ ثنا آئی سی سی ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں پاکستان کی قیادت کریں گی۔
عالمی ایونٹ3سے20 اکتوبر تک متحدہ عرب امارات میں منعقد ہوگا، فاطمہ ثنا کو آئی سی سی ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ2024 کے لیے پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم کی کپتان مقرر کر دیا گیا ہے۔
یہ فیصلہ خواتین کی قومی سلیکشن کمیٹی نے متفقہ طور پر کیا ہے، یہ ایونٹ متحدہ عرب امارات میں 3 سے 20 اکتوبر تک منعقد ہوگا،22سالہ فاطمہ نے41ون ڈے انٹرنیشنل اور 40 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کھیلے ہیں وہ اس سے قبل پاکستان ایمرجنگ اور ڈومیسٹک ٹیموں کی قیادت کر چکی ہیں۔
انہوں نے دسمبر 2023 میں نیوزی لینڈ کے خلاف ہیگلے اوول کے ون ڈے انٹرنیشنل میں پاکستان ٹیم کی کپتانی کی تھی یہ میچ سپر اوور میں پاکستان کی شاندار جیت کی وجہ سے یاد رکھا جاتا ہے، فاطمہ ثنا 37 سالہ آل راؤنڈر ندا ڈار کی جگہ قیادت سنبھالیں گی جنہوں نے بسمہ معروف سے تینوں فارمیٹ کی کپتانی سنبھالی تھی۔
ندا ڈار موجودہ ٹیم میں شامل ہیں وہ112ون ڈے انٹرنیشنل اور153ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کھیل چکی ہیں، پاکستان کو ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں گروپ اے میں آسٹریلیا،سری لنکا ، انڈیا اور نیوزی لینڈ کے ساتھ رکھا گیا ہے، شیڈول کا اعلان بعد میں کیا جائے گا، سلیکشن کمیٹی نے ٹیم میں صرف ایک تبدیلی کی ہے جو گزشتہ ماہ سری لنکا میں اے سی سی ایشیا کپ کھیلی تھی۔
دائیں ہاتھ کی بیٹر صدف شمس، جو گزشتہ سال جنوبی افریقہ میں ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کھیلی تھیں ٹیم میں نجیہہ علوی کی جگہ واپس آئی ہیں، نجیہہ علوی بطور ریزرو کھلاڑی ٹیم کے ساتھ سفر کریں گی،2023کے ایڈیشن سے دس کھلاڑی عالیہ ریاض، فاطمہ ثناء، منیبہ علی، نشرہ سندھو، ندا ڈار، عمیمہ سہیل، سعدیہ اقبال، صدف شمس، سدرہ امین اور طوبی حسن کو برقرار رکھا گیا ہے، جبکہ بائیں ہاتھ کی تیز بولر تسمیہ رباب واحد کھلاڑی ہیں جو ان کیپڈ ہیں۔
بائیں ہاتھ کی سپنر سعدیہ اقبال کی ٹیم میں شمولیت فٹنس سے مشروط ہوگی، آئی سی سی ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2024 کے لیے پاکستانی سکواڈ میں فاطمہ ثنا ( کپتان)، عالیہ ریاض، ڈیانا بیگ، گل فیروزہ، ارم جاوید، منیبہ علی (وکٹ کیپر)، نشرہ سندھو، ندا ڈار، عمیمہ سہیل، صدف شمس، سعدیہ اقبال (فٹنس سے مشروط)، سدرہ امین، سیدہ عروب شاہ، تسمیہ رباب اور طوبیٰ حسن، ٹریولنگ ریزرو ، نجیہہ علوی (وکٹ کیپر) نان ٹریولنگ ریزرو ، رامین شمیم اور ام ہانی شامل ہیں۔