دماغی تنزلی کا خطرہ بڑھانے والے 11 اہم عناصر کی شناخت  

دماغی تنزلی کا خطرہ بڑھانے والے 11 اہم عناصر کی شناخت  
کیپشن: Identification of 11 major risk factors for dementia

ایک نیوز :سائنسدانوں نے ڈیمینشیا کا خطرہ بڑھانے والے 11 عناصر کو شناخت کرکے ایک ایسا ٹول تیار کیا ہے جو آئندہ 14 برسوں کے دوران کسی فرد میں اس بیماری کی پیشگوئی کر سکتا ہے۔

2050 تک دنیا بھر میں ڈیمینشیا کے شکار افراد کی تعداد لگ بھگ 3 گنا اضافے سے 15 کروڑ 30 لاکھ تک پہنچنے کا امکان ہے۔مگر ماہرین کا کہنا ہے کہ بیماری کا خطرہ بڑھانے والے عناصر پر قابو پانے سے 40 فیصد کیسز کی روک تھام ممکن ہے۔

 جرنل بی ایم جے مینٹل ہیلتھ میں شائع تحقیق میں خطرہ بڑھانے والے عناصر کے بارے میں بتایا گیا۔

 تحقیق کے مطابق درمیانی عمر میں اگر کسی فرد میں یہ عناصر دیکھنے میں آئے تو آئندہ 14 برسوں کے دوران ڈیمینشیا کی تشخیص کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔

برطانیہ کی آکسفورڈ یونیورسٹی کی تحقیق میں 50 سے 73 سال کی عمر کے 2 لاکھ 20 ہزار سے زیادہ افراد کے ڈیٹا کی جانچ پڑتال کی گئی تھی۔

تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ عمر، تعلیم، ذیابیطس کی تاریخ، ڈپریشن کی تاریخ، فالج کی تاریخ، والدین میں ڈیمینشیا کی تاریخ، ہائی بلڈ پریشر، ہائی کولیسٹرول، تنہا رہنا، مرد ہونا اور غربت، دماغی تنزلی کا باعث بننے والے اس مرض کا خطرہ بڑھانے والے عناصر ہیں۔

 تحقیق میں ان عناصر کے ساتھ یہ بھی دیکھا گیا کہ ایک مخصوص جین APOE (اسے ڈیمینشیا کا خطرہ بڑھانے کا باعث قرار دیا جاتا ہے) کس حد تک بیماری کا باعث بنتا ہے۔