کراچی:لسبیلہ چوک پر نالےمیں دھماکےسےمتعدددکانوں کو نقصان، 8 افراد زخمی

کراچی:لسبیلہ چوک پر نالےمیں دھماکےسےمتعدددکانوں کو نقصان، 8 افراد زخمی
کیپشن: کراچی:لسبیلہ چوک پر نالےمیں دھماکےسےمتعدددکانوں کو نقصان، 8 افراد زخمی

ایک نیوز: کراچی کے علاقے جمشید کوارٹر میں لسبیلہ چوک کے قریب سیوریج لائن کے دھماکے  سے  8 افراد زخمی ہو گئے جبکہ متعدد دکانیں تباہ ہو گئیں۔

پولیس کے مطابق لسبیلہ چوک کے قریب نعمان مسجد کے سامنے زیر زمین سیوریج لائن میں نماز جمعہ کے بعد زوردار دھماکہ ہوا۔

دھماکے کے نتیجے میں  لگ بھگ 100 گز تک کی دکانیں اور ایک پکوان ہاؤس کو شدید نقصان پہنچا جبکہ 8 افراد زخمی ہوگئے۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو اور پولیس کی نفری جائے حادثہ پر پہنچ گئی ہے۔ دھماکے کے باعث خوف و ہراس پھیل گیا۔زخمی ہونے والوں کو سول اسپتال منتقل کیا جارہا ہے۔

زخمی ہونے والوں کی شناخت نصیر الدین ولد محمد اکبر عمر23سال، عثمان ولد محمد یونس عمر20سال، خرم ولد غلام سرور عمر22سال، لال محمد ولد محمد مسکین عمر35سال، محمد اعجاز ولد فرمان عمر24سال، حفیظ ولد علی رحمان عمر23سال، منصور علی ولد محمد خان عمر40سال اور عارف ولد ریاست عمر38سال کے نام سے ہوئی ہے۔

دھماکے کے نتیجے میں دکانوں میں موجود سامان نالے میں جا گرا۔

ایدھی فاؤنڈیشن کے مطابق اس واقعہ  کے  8 زخمیوں کو  اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔