چندریان مشن کی کامیابی پر پاکستان کی بھارت کو مبارکباد

 چندریان مشن کی کامیابی پر پاکستان کی بھارت کو مبارکباد

ایک نیوز: ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہےکہ بھارت کے چندریان کا چاند پر اترنا ایک بڑی کامیابی ہےاس کے لیے وہ سائنسدان مبارکباد کے مستحق ہیں۔

رپورٹ کے مطابق ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہےکہ پاکستان رینجرز نے پنجاب کی سرحد کے پاس 6بھارتی اسمگلر پکڑے ہیں.اسمگلر پاکستانی علاقے میں ہتھیار اسمگل کرنے کی کوششیں کر رہے تھے۔ پاکستان کا چین پر موقف مسلسل اور اْصولی ہے ہم ون چائنہ پالیسی پر عمل پیرا ہیں، مقبوضہ کشمیر میں حریت رہنماوں کو آزاد کیا جانا چاہیے۔

ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ آزاد کشمیر میں پکڑے جانے والے مشکوک افغان باشندوں کے بارے میں آزاد کشمیر کا ہوم ڈیپارٹمنٹ جواب دے سکتا ہے۔ اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کے حوالے سے وقت آنے پر آگاہ کریں گے۔ ایل او سی پر اشتعال انگیزی اور بلا اشتعال فائرنگ کے واقعات پر بھارت سے تحفظات کا اظہار کیا ہے۔پاک بھارت ناظم الامور کا تبادلہ ایک معمول کی سرگرمی ہے، ہمارے ناظم الالمور کی مدت مکمل ہو چکی جس پر ایک نئے افسر کو تعینات کیا جا رہا ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ ویزا ملنے پر وہ اپنی نئی ذمہ داری کیلئے بھارت روانہ ہو جائیں گے،حال ہی میں پاکستان اور بھارت میں اسائنمنٹ ویزوں کا تبادلہ ہوا۔ اسائنمنٹ ویزوں کا تبادلہ ایک معمول کا عمل ہے،ہم نے افغانستان سے جنم لینے والے دہشت گردی کے واقعات پر بارہا بات کی ہے۔افغان حکومت سے تحفظات کا اظہار کیا ہے ، افغان انتظامیہ نے یقین دہانی کرائی ہے کہ وہ اپنی سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال نہیں ہونے دیں گے۔ جڑنوالہ واقعات میں ریاست اور میڈیا دونوں متاثرین کے ساتھ کھڑے ہوئے، بطور ریاست پاکستان ایسی کاروائیوں کی اجازت نہیں دے سکتا۔